تازہ ترین

اتوار، 3 نومبر، 2024

اسلامی تعلیمی ادارے: موجودہ چیلنجز اور حل

اسلامی تعلیمی ادارے: موجودہ چیلنجز اور حل
نازش احتشام اعظمی 
تعارف:

مسلمانوں کے تعلیمی ادارے، روایتی مدارس سے لے کر جدید یونیورسٹیوں تک، تاریخی طور پر مسلم معاشرے کی تنظیم و ترقی اور فکری و اخلاقی بنیادوں کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتے رہے ہیں۔ اسی طرح ملک کی آزادی کی تحریک میں بھی مدارس اور مسلمانوں کے ذریعہ قائم کردہ جدید تعلیمی اداروں کا منفرد کردار کبھی بھی نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ موجودہ دور میں عوام کا ذہن اور  سوچنے کا انداز کچھ اس طرح تبدیل ہو رہا ہے کہ اب مسلمانوں کے اپنے وسائل سے قائم کردہ تعلیمی مراکز کثیر جہت  پیچیدہ مسائل اورچیلنجز سے دوچار ہیں، جو ان کے سماجی ترقی اور تعلیم کے مشن کو مشکل بناتے جا رہےہیں۔
 ان چیلنجوں کو صحیح تناظر میں سمجھنا اساتذہ، پالیسی سازاداروں اور مسلم معاشرے کے رہنماؤں کے لیے بہت ضروری ہے جو  تعلیم کے انفرادی و اجتماعی فوائد اور اس کی سماجی اہمیت کو ہمہ گیر کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔

عالمگیریت اور ثقافتی ہم آہنگی:

پچھلی تین دہائیوں میں عالمگیریت پر مبنی تجارتی و معاشی منصوبوں نے عوامی رجحانات، خیالات، ثقافتوں اور معیشت و مالیات  کے تبادلے اور اس کے بہاؤ  کو آسان اور رفتار کو تیز تر کر دیا ہے، جس کی وجہ سے  علوم کی مختلف جہات کی بنیادیں وسیع ہوئی ہیں،  علم کا حصول آسان اور اس کے منصوبے کامیابیوں سے ہم کنار ہوئے ہیں ۔ اگرچہ عالمگیریت کے اس تصور نے خیالات و نظریات کی ہم آہنگی اور قبولیت کو فروغ دیا ہے، 

لیکن اس تبدیل شدہ ماحول میں زیادہ تر خود مختار اسلامی تعلیمی اداروں کی شناخت اور ان کے وجود پر مختلف سطح کے سرکاری حکام کی دخل اندازی اور اس پر قابو نہ پا سکنے کے بحران نے گہرے سوالات پیدا کر دیے ہیں۔ اسی کے ساتھ مسلم معاشرے کے آئینی حقوق پر سیاسی اور دستوری دخل اندازی بھی ایک قسم کا حملہ ہی نظر آتا ہے۔

ثقافتی شناخت:

مدارس اور دیگر مسلم تعلیمی اداروں کو عالمی صارفیت اور سیکولر نظریات کی لہر کے خلاف اپنی ثقافتی شناخت کا تحفظ کرنا چاہیے۔ طلباء کے لیے یہ خطرہ بڑھتا جا رہا ہے کہ وہ مادی کامیابی کو روحانی اور اخلاقی اقدار پر ترجیح دینے والے نقطہ نظر کو اپنانا شروع کر دیں۔ ملک کا آئین ہر شہری کو مذہبی آزادی اور تعلیم کا حق دیتا ہے، اور ساتھ ہی مختلف برادریوں  اور ثقافتوں کو ان کی ثقافتی و تعلیمی شناخت کو محفوظ کرنے کا یقین دلاتا ہے۔ اس چیلنج کا حل مسلم دانشوروں کو حکومت اور انتظامیہ کے ساتھ مل کر نکالنا ہوگا۔

نصاب میں تبدیلی:

ثقافتی زوال کے خلاف لڑنے کے لیے، تعلیمی اداروں کو ایسا نصاب نافذ کرنا چاہیے جو مقامی روایات اور اقدار کی عکاسی کرے،


 جبکہ اسلامی تعلیمات کے ساتھ بھی گہرائی سے جڑا ہوا ہو۔ اسلامی اخلاقیات، تاریخ، اور کمیونٹی کی شمولیت کو یقینی بناتے ہوئے، اداروں کو حکومتی ہدایات کے مطابق طلباء کو شامل نصاب سے آگاہ کیا جانا ضروری ہے، تاکہ انسانی وسائل کو مزید مضبوط کر کے قوم کی تعمیر میں شامل کیا جا سکے۔

تکنیکی ترقی:

ڈیجیٹل ترقی کا دور اسلامی تعلیمی اداروں کے لیے مواقع اور چیلنجز دونوں پیش کرتا ہے۔ تکنیک نے جہاں تعلیمی وسائل اور حوالہ جات تک طلبہ کی پہنچ کو آسان بنایا ہے وہیں اس نے طلبہ اور نو جوانوں کے ذہنی میلان اور مذہبی و ثقافتی روایات کی قبولیت کو بھی کافی حد تک متاثر کیا ہے۔

ای لرننگ اور وسائل:

ای لرننگ پلیٹ فارموں کا استعمال تعلیمی اداروں کو زیادہ وسیع سامعین تک پہنچنے میں مدد دے سکتا ہے، خاص طور پر پسماندہ اور بنیادی سہولیات سے محروم علاقوں میں رہنے والے طلبہ اس سہل اور آسان نظام تعلیم سے زیادہ مستفید ہوسکتے ہیں اور اس سے طلباء کو دنیا کے کسی بھی کونے میں لیکچرز، وسائل اور تحقیقی مواد تک رسائی حاصل ہو سکتی ہے۔

معیار کا کنٹرول:

 موجودہ دور میں انٹر نیٹ پر  آن لائن اسلامی مواد کا ایک سیلاب آیا ہے لیکن ان کی تعداد زیادہ ہونے کے باوجود  اکثڑیت کے معیاری اور معتبر ہونے اور ان کے صحیح حوالہ جات کی صحت پر متعدد سوالات کھڑے ہوتے ہیں۔ اسلامی تعلیمی اداروں اور محققین  کو یہ یقینی بنانا چاہیے کہ انٹر نیٹ پر طلباء معتبر اور مستند ذرائع سے ہی وابستہ رہیں۔

سماجی اور سیاسی عدم استحکام:

مسلمانوں کے درمیان بڑھتا ہوا سماجی اور سیاسی عدم استحکام ایک بڑے سماجی مسئلے کے طور پر ملک میں زیر بحث ہے۔ بہت سے مدارس اور دیگر  تعلیمی ادارے ایسے علاقوں میں کام کرتے ہیں جہاں ہندو مسلم تنازعات، عام مسلمانوں پر  زیادتی بے جا ظلم عام ہوتا جارہا ہے جس کی وجہ سے ان کے درمیان سیاسی بے چینی بھی پھیلتی جا رہی ہے۔

نتیجہ:

موجودہ دور میں اسلامی تعلیمی اداروں کو درپیش چیلنجز کثیر الجہات ہیں اور ان کو حل کرنے کے لیے فعال اور موافق نقطہ نظر عام کرنے کی ضرورت ہے۔ ثقافتی شناخت کو بچائے رکھنا،تعلیمی اداروں میں ٹیکنالوجی کا فعال اور  ذمہ دارانہ استعمال، امن واتحاد کے فروغ کی کوششیں ،


 مالی استحکام کو یقینی بنانے کیلئے ایک موزوں اور عام قابل قبول مالیاتی نظام ، نصاب کی مطابقت اور مقبولیت بڑھانے کیلئے موزوں اور جدید کتابوں کا انتخاب اور اساتذہ کے معیار تعلیم اور ان کی پیشہ ورانہ صلاحیت میں ارتقاء کے لئے اداروں کے اندر  سرمایہ کاری کے ذریعے موجودہ مسائل اور  رکاوٹوں پر قابو پایا جا سکتا ہے  اور مسلم ادارے  ترقی کر راہ پر گامزن ہوسکتے ہیں۔


آخر میں، مسلمانوں کی تعلیمی ترقی کا مستقبل روایتی تعلیمات اور جدید ضروریات کے ہم آہنگی میں پوشیدہ ہے، جو طلباء کو ایک باخبر، اخلاقی اور فعال معاشرے کے رکن بننے کے قابل بناتا ہے۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

Post Top Ad