بے حس خاتون قرض کے لیے اپنے چچا کی نعش کرسی پر بٹھا کر بینک لے گئی
برازیل : برازیل میں تصور سے برا ایک واقعہ پیش آگیا۔ بے حس اور لالچی خاتون بینک سے 17 ہزار برازیلین ریال قرض لینے کے لیے اپنے چچا کی نعش کرسی پر بٹھا کر بینک پہنچ گئی۔ واضح رہے 17 ہزار برازیلین ریال کی مالیت 3215 امریکی ڈالر کے لگ بھگ بنتی ہے۔
برطانوی اخبار ’’ ڈیلی میل‘‘ کے مطابق خاتون ملازمین کے سامنے مردہ شخص کا سر اٹھا رہی تھی جس سے بینک ملازمین کو کچھ مشتبہ لگا۔
ایک ملازم نے کہا مجھے نہیں لگ رہا کہ یہ قانونی کام ہو رہا ہے، یہ ٹھیک نہیں لگ رہا، یہ تو بہت پیلے ہو رہے ہیں۔ خاتون نے جواب دیا ’’ یہ ایسے ہی ہیں‘‘ پھر خاتون نے کرسی پر بٹھائی گئی اپنے چچا کی میت کو مخاطب کرکے کہا ’’ اگر آپ کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے تو میں آپ کو ہسپتال لے جاتی ہوں، آپ دوبارہ ہسپتال جانا چاہتے ہیں؟
دریں اثنا ملازمین نے خاتون کی ایک ویڈیو بنا لی اور یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر پھیل گئی۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ خاتون نے اپنے فوت شدہ چچا سے قرض کے لیے نامزد دستاویزات پر دستخط کرنے کو کہا! خاتون کہ رہی ہے "کیا آپ سن رہے ہیں؟ آپ کو دستخط کرنا ہوں گے۔" خاتون نے نعش کو مزید کہا:
"انکل، کیا آپ سن رہے ہیں؟، آپ کو دستخط کرنا ہوں گے، میں آپ کے لیے دستخط نہیں کر سکتی۔
اس دوران ملازمین نے فوری طور پر ایمبولینس اور پولیس کو ریو ڈی جنیرو میں واقع بینک میں بلا لیا۔
پیرامیڈیکس نے تصدیق کردی کہ 68 سالہ شخص کی موت بینک لے جانے سے چند گھنٹے قبل ہو گئی تھی۔ پولیس نے خاتون کو گرفتار کرلیا۔
خاتون نے پولیس کو بتایا کہ وہ متوفی شخص کی بھانجی ہے اور اس کی دیکھ بھال کرتی ہے۔ موت کی وجہ کا تعین کرنے کے لیے پوسٹ مارٹم کے نتائج کا ابھی تک اعلان نہیں کیا گیا ہے۔ پولیس تحقیقات کر رہی ہے کہ کہیں اس واقعہ میں کوئی اور لوگ بھی تو ملوث ہیں اور یہ ایک منظم دھوکہ دہی تو نہیں ہے
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے ان پٹ کے ساتھ
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں