بی جے پی ایم ایل اے نے تھانے میں گھس کر شیو سینا لیڈر کو ماری گولی ،حالت تشویشناک، ایم ایل اے گرفتار
مہاراشٹر ۔(یو این اے نیوز 3فروری 2024) مہاراشٹر کے سی ایم ایکناتھ شندے کی پارٹی لیڈر کو بی جے پی کے ایم ایل اے کی طرف سے گولی مارنے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ حیران کن بات یہ ہے کہ بی جے پی ایم ایل اے نے تھانے میں شیوسینا لیڈر کو گولی مار دی۔ پولیس نے اس معاملے میں بی جے پی ایم ایل اے کو حراست میں لے لیا ہے۔ دونوں فریقوں میں زمین کو لے کر تنازعہ چل رہا تھا جس کی وجہ سے یہ واقعہ پیش آیا۔ پولیس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔
کیا ہے پورا معاملہ ۔۔۔
ایکناتھ شندے کی قیادت والی شیو سینا لیڈر مہیش گائیکواڑ اور کلیان ایسٹ اسمبلی سیٹ سے بی جے پی ایم ایل اے گنپت گائیکواڑ کے درمیان گزشتہ کئی دنوں سے زمین کا تنازعہ چل رہا ہے۔ اس جھگڑے کی وجہ سے دونوں فریق کل رات الہاس نگر کے ہل لائن پولیس اسٹیشن پہنچے تھے۔ دونوں فریقوں میں جھگڑا بڑھ گیا اور تھانے ہی میں پکڑ دھکڑ شروع ہوگئی۔ اس کے بعد بی جے پی ایم ایل اے گنپت گائیکواڑ نے مہیش گائیکواڑ اور ان کے ساتھیوں پر گولی چلا دی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ایک طرف سے فائرنگ ہوئی جس میں دو افراد زخمی ہوئے۔
واقعے کے بعد زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا۔ پولیس نے فائرنگ کرنے والے بی جے پی ایم ایل اے کو بھی حراست میں لے لیا ہے۔ شیوسینا لیڈر کے جسم سے پانچ گولیاں نکال لی گئی ہیں لیکن ان کی حالت اب بھی تشویشناک ہے۔ بی جے پی ایم ایل اے نے کہا کہ مہیش گائیکواڑ اور ان کے حامیوں نے ان کے بیٹے کے ساتھ بدتمیزی کی جس کی وجہ سے اس نے اپنے دفاع میں گولی چلائی۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں