اسلام اپنے پیروکاروں کو غریبوں کی مدد کرنے کی ہدایت کرتا ہے۔ عمران صدیقی ندوی
دارالقرآن ایجوکیشنل ٹرسٹ کی جانب سے غریب عوام کو کھانا پہنچانے کیلئے ٹائنی ہوپ نامی مہم کی شروعات
شاہگنج جونپور۔ بھوک طویل عرصے سے ایک عالمی مسئلہ ہے۔ آج بھی دنیا بھر میں حیرت انگیز طور پر 811 ملین افراد کے پاس کھانے کے لیے کافی خوراک نہیں ہے اس حیران کن اعدادوشمار کا مقابلہ کرنے کے لیے دین اسلام اپنے پیروکاروں (مسلمانوں) کو بھوکوں کو کھانا کھلانے اور غریبوں کی مدد کرنے کی ہدایت کرتا ہے،بھوکے کو کھانا کھلانا اسلام کے اہم ترین اعمال میں سے ایک ہے۔
اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے مسلمانوں کو کھانا کھلانے اور صدقہ دے کر ایک دوسرے کا خیال رکھنے کی ہدایت کی۔ پوری اسلامی تاریخ میں ایسے لاتعداد واقعات ہیں جو ثابت کرتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کسی شخص کو کھانا اور پانی پیش کیے بغیر اپنے گھر سے باہر نہیں نکلنے دیتے تھے۔مذکورہ باتیں دارالقران ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر ٹرسٹ کے صدر مولانا عمران صدیقی ندوی نے یتیم مسکین اور بیواؤں کے گھروں تک کھانا پہنچانے کی نئی مہم ٹائنی ہوپ کی شروعات کے موقعہ پر اخباری نمائندوں سے کہیں۔
مولانا نے بتایا کہ کورونا لاک ڈاؤن کے دوران دارالقران ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر ٹرسٹ کی جانب سے علاقے کے تقریبا 150 گھروں تک راشن کٹ پہنچائی گئی تھیں، اور لاک ڈاؤن کے دوران ان گھروں کے مکمل کفالت ٹرسٹ کے ذریعے کی جا رہی تھی لیکن کورونا لاک ڈاؤن ختم ہونے کے بعد بھی ہماری پرانی لسٹ میں کچھ ایسے خاندان موجود ہیں جن کے گھروں میں دو وقت کا کھانا جمع کرنا کسی چیلنج سے کم نہیں ہے، اس لیے ضرورت محسوس کی گئی کہ ہم ٹائنی ہوپ کے نام سے ایک نئی شروعات کریں اور ان گھروں کی کفالت پہلے کی طرح ٹرسٹ کے ذریعے کی جائے۔
مولانا نے بتایا کہ ابتدائی طور پر کچھ گھروں کی نشاندہی کی گئی ہے اور نومبر کے مہینے میں ان کے گھروں پر تقریبا ایک مہینے کا مکمل راشن پہنچایا گیا ہے مستقبل میں وسعت کے مطابق اس مہم کو مزید بڑھایا جائے گا،تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو اس کا فائدہ حاصل ہو سکے
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں