مولانا طارق جمیل کے صاحبزادے عاصم جمیل گولی لگنے سے جاں بحق
پاکستان کے بڑے علام دین مولانا طارق جمیل کے صاحب زادے عاصم جمیل گولی لگنے سے جاں بحق ہوگئے ہیں۔
افسوس ناک واقعہ پنجاب کے شہر میاں چنوں میں ان کے آبائی قصبے تلمبہ میں پیش آیا، عاصم جمیل کو تشویش ناک حالت میں تلمبہ رورل ہیلتھ سنٹر پہنچایا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔ڈاکٹر کے مطابق مولانا طارق جمیل کے بیٹے عاصم جمیل کے سینے میں گولی لگی، انہیں زخمی حالت میں اسپتال لایا گیا تھا، تاہم وہ ابتدائی علاج کے دوران انتقال کر گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔مولانا طارق جمیل نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ”ایکس“ پر جاری بیان میں خبر کی تصدیق کرتے ہوئے لکھا کہ ’آج تلمبہ میں میرے بیٹے عاصم جمیل کا انتقال ہوگیا ہے۔ اس حادثاتی موت نے ماحول کو سوگوار بنا دیا۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ آپ سب سے گزارش ہے اس غم کے موقع پر ہمیں اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں۔ اللہ میرے فرزند کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔’ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر خانیوال رانا عمر فاروق نے واقعہ کا نوٹس لے لیا ہے۔ جس کے بعد کرائم سین یونٹ اور فرانزک لیب کی ٹیمیں شواہد اکٹھے کرنے کے لیے پہنچ گئیں۔
ڈی پی اور رانا عمر فاروق کا کہنا ہے کہ واقعے کی باریک بینی سے تفتیش کی جارہی ہے، حقائق سامنے آںے کے بعد حسب ضابطہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
اہم شخصیات کا اظہار تعزیت
نگراں وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے بھی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مولانا طارق جمیل اور اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئیے لکھا کہ بیٹے کا جاں بحق ہونا باپ کے لئے ناقابل برداشت صدمہ ہے، اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
سابق اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے مولانا طارق جمیل کے فرزند کے انتقال پر اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی اور کہا کہ اللہ مولانا طارق جمیل اور اہلِ خانہ کو صبر عطا کرے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف نے لکھا کہ ’مولانا طارق جمیل صاحب اور ان کے اہل خانہ سے جواں سال فرزند عاصم جمیل کی وفات پر دلی دکھ اور افسوس کا اظہار کرتا ہوں۔ اس حادثے پر ہم سب آپ کے غم میں شریک ہیں۔‘
شہباز شریف نے لکھا، ’یقیناً یہ ایک ناقابل برداشت غم ہے۔ ہماری دعائیں اور ہمدردیاں آپ کے ساتھ ہیں۔
اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں بلند مقام عطا فرمائے اور اہل خانہ کو صبر جمیل دے۔
آمین‘مسل لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے لکھا، ’ﷲ تعالیٰ آپکو یہ سانحہ برداشت کرنے کی ہمت عطاء فرمائے ۔ آپ کو اور آپ کے گھر والوں کو صبر دے اور آپ کے مرحوم بیٹے کی مغفرت فرمائے اور ان کو جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے۔ آمین‘
اج ٹی وی کے ان پٹ کے ساتھ
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں