کانپور(یواین اے نیوز3ستمبر2023)اس وقت گنگا ندی میں بڑی ہوئی آبی سطح کے سبب گنگا ندی کے اطراف میں رہنے والے افراد سیلاب کی زد میں آ گئے تھے۔گزشتہ دنوں ریاستی نائب صدر مولانا امین الحق عبد اللہ قاسمی کے ساتھ جمعیۃ کے وفد نے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کیا تھا اور امداد کے لئے ۱۰ لاکھ روپے کا اعلان بھی کیا تھا۔ آج مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی کی ہدایت پر جمعیۃ علماء شہر کانپور کے صدر ڈاکٹر حلیم اللہ خاں صاحب کے ساتھ جمعیۃ کے افراد نے شکلاگنج کے سیلاب زدہ علاقوں جیسے منوہر نگر ، شکتی نگر میں پہنچ کر سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے ضروری اشیاء پر مشتمل راشن کٹس تقسیم کی۔راشن کٹس میں آٹا، چاول، دال، چائے پتی، شکر، نمک، تیل، آلو، ہلدی، دھنیا، مرچ، توش سمیت دیگر ضروری اشیاء موجود تھی۔
جمعیۃ علماء شہر کانپور کے نائب صدر مولانا نور الدین احمد قاسمی نے کہا کہ مصیبت زدہ کی مدد کرنا انسانیت کا فریضہ ہے اور اسلام نے اسی بات کی تعلیم دی ہے۔ مولانا نے کہا کہ تمام انسان اللہ کا کنبہ ہے اور اللہ کے کنبہ کے ساتھ ہمدردی کرنا اور اس کا ساتھ دینا انسانیت کا فریضہ اور تقاضا ہے۔
جامعہ محمودیہ اشرف العلوم اشرف آباد جاجمؤ کے صدر المدرسین مفتی اسعد الدین قاسمی نے کہا کہ مصیبت و پریشانی کے وقت کام آنا ہی اسلامی تعلیمات میں سے ہے۔ انسانیت کی خدمت کرنا یہ ہمارے نبی حضرت محمد مصطفی ﷺ کا طریقہ ہے ۔ اور ہر شخص کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے وطنی بھائی کا خیال رکھے ۔ اور بر وقت ضرورت مصیبت و پریشانی میں ساتھ کھڑا رہے۔
انہوں نے بتلایا کہ شہری جمعیۃ نے بڑے پیمانے پر ریلیف کا فیصلہ لیا ہے، یہ سلسلہ اگلے ایک ماہ تک جاری رہے گا۔
اس موقع پر جمعیۃ علماء شہر کانپور کے صدر ڈاکٹر حلیم اللہ خاں، نائب صدر مولانا نور الدین احمد قاسمی، جامعہ محمودیہ کے صدر المدرسین مفتی اسعد الدین قاسمی، قاری محمد شمشاد، مولانا فرید الدین قاسمی، مولانا شان محمد جامعی ، مطیع الدین، محمد سلمان، محمد اختر کے علاوہ علاقہ کے افراد موجود تھے۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں