مالیگاؤں ( یواین اے نیوز2ستمبر2023) ریاست مہاراشٹر کی قدیم دینی و عصری درس گاہ جامعہ محمدیہ المعروف منصورہ کیمپس کے زیر اہتمام مولانا مختار احمد ندوی ٹیکنیکل کیمپس میں انجینئرنگ ڈگری اور ڈپلومہ کی معیاری تعلیم فراہم کی جا رہی ہے۔ ا نجینئرنگ ڈگری کے سال اول کی باقاعدہ شروعات بروز سنیچر 19، اگست 2023 سے ہوئی۔ اسی مناسبت سے نئے طلبہ اور سرپرست حضرات کیلئے تعارفی پروگرام منعقد کیا گیا۔ اس پروگرام میں بطور مہمان خصوصی شہر کی معروف تعلیمی شخصیات میں فلاح امت ٹرسٹ کے ذمہ داران جناب عارف عباس اور جناب مشق کامل صاحبان نے شرکت کی۔ کالج انتظامیہ کی جانب سے مہمانوں کا استقبال کیا گیا۔
اس پروگرام کے آغاز میں کالج آف انجینئرنگ منصورہ کے پرنسپل ڈاکٹر عقیل احمد شاہ نے جامعہ محمدیہ منصورہ کیمپس اور خصوصی طور پر مولانا مختار احمد ندوی ٹیکنیکل کیمپس کا مکمل تعارف پیش کیا۔ نیز اس کیمپس کی نمایاں کارکردگی،سیمینار، کانفرنس، انٹرنشپ، جاب ڈرائیو، اقلیتی اسکالرشپ، ماہر اساتذہ، شائع کردہ عمدہ تحقیقی مقالے اور گذشتہ سالوں کے بہترین نتائج پر روشنی ڈالی۔ انھوں نے کہا کہ آج ہمارے طلبہ انجینئرنگ کی ڈگری مکمل کر لینے بعد ہندوستان کے معروف تعلیمی و تحقیقی اداروں ( آئی آئی ٹی، این آئی ٹی، جے ایم آئی) اور بیرون ممالک ( امریکہ، انگلینڈ) میں اعلی تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ سینکڑوں کی تعداد میں انجینئرنگ ڈگری و ڈپلومہ مکمل کر نے والے طلبہ ملٹی نیشنل کمپنیوں میں بر سر روزگار ہیں۔ انھوں نے کہا کہ کامیاب بننے کیلئے طلبہ کے پاس علم، ہنر اورمثبت رویہ ہونا چاہئے۔ اسی کے ساتھ ٹیکنیکل اور پروفیشنل اسکلس ان کی شخصیات کو مزید نکھارتی ہیں۔
بعدا زاں پولی ٹیکنیک منصورہ کے پرنسپل ڈاکٹر محمد اظہر نے طلبہ اور سرپرست حضرات سے خصوصی خطاب کیا۔ انھوں نے کہا کہ طلبہ کے روشن مستقبل کیلئے والدین کی بہت اہم ذمہ داری ہوتی ہے۔ایک طرف کالج انتظامیہ اور اساتذہ طلبہ کی تعلیم و تربیت کیلئے مسلسل محنت کرتے رہتے ہیں۔ دوسری طرف والدین کوچاہئے کہ وہ اپنے بچوں کی نگرانی کرتے رہیں ۔ صرف داخلہ مل جانے پر اطمینا ن نہ کریں بلکہ سال بھر اساتذہ کے رابطے میں رہیں اور اپنے بچے کی اچھی کارکردگی اور تعلیمی ترقی کے تئیں فکر مند رہیں۔
اس موقع پر ڈین ایڈمیشن پروفیسر شہزاد مبین نے انجینئرنگ ڈگری کے مکمل کورس کی تفصیلات پیش کی۔ وہیں پروفیسر فہیم انصاری نے سال اول میں پڑھانے والے تجربہ کار و قابل اساتذہ کا مختصر تعار ف پیش کیا۔ ایڈمن ڈپارٹمنٹ کے او ایس شیخ شہباز نے اسکالرشپ کیلئے درکار کاغذات کی معلومات اور اسکالرشپ آن لائن فارم بھرنے کیلئے رہنمائی فرمائی۔ اس پروگرام کا باقاعدہ آغاز پروفیسر محسن صدیقی نے تلاوت قرآن وترجمہ سے کیا۔ اس پروگرام کی نظامت کے فرائض کو ڈاکٹر شمیم احمد نے بخوبی نبھایا۔ پروگرام کے اخیر میں ڈین اکیڈمکس ڈاکٹر سلمان بیگ نے اپنے خیالات کا اظہار فرما کر رسم شکریہ ادا کیا۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں