تازہ ترین

پیر، 4 ستمبر، 2023

محبین اسلام ایجوکیشنل ٹرسٹ کی جانب سے مستورات کے لیے تربیتی پروگرام منعقد

کشن گنج 4/ اگست (ابو اسجد) محبین اسلام ایجوکیشنل ٹرسٹ کی جانب سے جامع مسجد فراباڑی، پوسٹ رائے پور میں مستورات کے لیے ایک دینی، اصلاحی و تربیتی پروگرام کا انعقاد عمل میں آیا جس کا اہتمام ٹرسٹ کے ذمہ دار مولانا عبدالکریم جامعی نے کیا۔ پروگرام مغرب بعد شروع ہوا، تلاوت قرآن مجید سے نشست کا آغاز ہوا، مدرسے کے طلبہ نے نعت و نظم پیش کی۔ اس موقع پر مولانا طارق اثری نے عورتوں کے مسائل اور ان کی دینی ذمہ داریوں پر سیر حاص گفتگو کی، انہوں نے کہا کہ ایک خاتون ایک گھر کی معمار ہے، خاتون خانہ اگر چاہے تو نسلیں سنور سکتی ہیں، آج جو معاشرے میں بگاڑ آیا ہوا ہے اس کی ایک بڑی وجہ یہ ہے کہ معاشرے میں خواتین کی اکثریت دینی تعلیمات اور اسلامی تربیت سے کوسوں دور ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کی سب سے بڑی ذمہ داری یہ ہے کہ وہ اپنے بچوں کی دینی تربیت کرے اور یہ تبھی ممکن ہے جب وہ خود نماز، روزہ کی پابند ہو، اسلامی احکامات پر عمل پیرا ہو، سچائی اور امانت داری کی علم بردار ہو۔
مولانا عمران مفتاحی نے اپنے بیان میں مستورات کو نماز کی ترغیب دی اور کہا کہ اگر آپ خود نمازی ہوں گی تو آپ کے شوہر بھی نمازی ہوں گے اور آپ کی اولاد بھی نمازی ہوگی۔ مولانا عبدالکریم جامعی نے اپنے کلیدی خطاب میں معاشرے کی خرابیوں پر توجہ مبذول کراتے ہوئے کہا کہ مسلم معاشرے میں بگاڑ تو بہت ہے؛ لیکن اس کو ختم کرنے کی اور معاشرے کی اصلاح کی تدبیریں نا کے برابر ہیں، رہبران قوم اور علمائے امت کو چاہیے کہ وہ وقت رہتے معاشرے کی خرابیوں کو دور کرنے کے لیے عملی اقدام کریں اور ٹھوس لائحہ عمل بناکر کام شروع کریں۔ انہوں نے بتایا کہ محبین اسلام ایجوکیشنل ٹرسٹ کے ذریعے یہ چھوٹے چھوٹے تربیتی پروگرام اسی کی ایک کڑی ہے۔ اگر ہر گاؤں، محلے اور قصبے میں چند علماء اٹھ کھڑے ہوں اور امت کی فکر کرلیں تو بہت کچھ سدھار دیکھنے کو مل سکتا ہے۔ اللہ پاک ہم سبھی کو اپنے دین کی خدمت کے لیے قبول فرمائے۔ آمین!

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

Post Top Ad