تازہ ترین

پیر، 4 ستمبر، 2023

جلوس محمدیؐ کے حسن انتظام میں محکمۂ پولیس کا کردار لائق تحسین: مولانا عبداللہ قاسمی

مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی کے ہمراہ شہری جمعیۃ کے وفد کی پولیس کمشنر سے ملاقات، جلوس کی تیاریوں پر کی گئی بات چیت۔

کانپور۔ ایک صدی سے زائد عرصہ سے اٹھنے والا ایشیاء کا سب سے بڑا جلوس جس کی قیادت اور انتظامات آزادی کے بعد سے شہری جمعیۃ علماء کرتی چلی آرہی ہے اور جس کے حسن انتظام کی تعریفیں زبان زد عام ہیں، اس جلوس کو عمدہ، بہترین اور منظم انداز میں نکالنے میں محکمۂ پولیس کا کردار بھی لائق تحسین ہے۔ ان خیالات کا اظہار جمعیۃ علماء اترپردیش کے نائب صدر مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی نے نئے پولیس کمشنر رام کرشن سونکر سے ملاقات کے دوران کیا۔
مولانا نے جمعیۃ علماء کا تعارف کراتے ہوئے کہا کہ ملک کی سب سے بڑی اور قدیم جماعتوں میں سے ایک جس کی بنیاد وقت کے عظیم مجاہدین آزادی نے سن 1919ء میں رکھی۔ اور جس جماعت نے خلافت جیسی عظیم تحریکیں چلائی، سب سے پہلے کامل آزادی کا مطالبہ کیا، سب سے زیادہ قوت کے ساتھ تقسیم کی مخالفت کی، اور آزادی کے بعد آئین سازی میں بھی اپنا کردار ادا کیا۔ اس جماعت کی شہری اکائی کو اس عظیم الشان جلوس کی قیادت کا شرف حاصل ہے۔ مولانا نے کہا کہ شہری جمعیۃ علماء نے ہمیشہ شہر میں امن و امان اور آپسی بھائی چارہ کے قیام میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے۔ اسی طرح سماج میں پھیلی برائیوں کے سدباب اور شہریوں کے اندر احساس ذمہ داری پیدا کرنے کے سلسلے میں شہری جمعیۃ ہر دور میں پیش پیش رہی ہے۔

مولانا نے جلوس کے حوالہ سے کہا کہ اللہ کے آخری پیغمبر حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت با سعادت کے موقع پر نکلنے والے اس عظیم اور تاریخی جلوس جس میں 5 لاکھ سے زائد لوگ شریک ہوتے ہیں اور جسے ایشاء کے سب سے بڑے جلوس ہونے کا اعزاز حاصل ہے، اس کی قیادت اور تمام تر انتظامات شہری جمعیۃ علماء کرتی چلی آرہی ہے۔ امسال 27 یا 28 ستمبر کو یہ جلوس نکلنا ہے جبکہ اس کی تیاریوں کیلئے جمعیۃ علماء سرگرم ہے اور جلوس میں شامل انجمنوں کی میٹنگ بھی جلد ہی بلائی جانی ہے۔

پولیس کمشنر رام کرشن سونکر نے تمام باتوں کو بغور سن کر جمعیۃ کے حسن انتظام کو سراہا اور جلوس کو حسب سابق بہترین اور عمدہ نظم و نسق کے ساتھ منعقد کرانے کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا ہم جلد ہی اس پر مشورہ کرکے آپ لوگوں کے ساتھ خصوصی میٹنگ کرکے جلوس کا روٹ میپ تیار کریں گے۔ نیز شہری جمعیۃ کے اراکین کے ساتھ ڈی ایس پی لیول پہ پورے روٹ کا سروے کراکر جو بھی کمیاں ہونگی انہیں دور کیا جائے گا۔

اس موقع پر وفد میں مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی کے ہمراہ شہری صدر ڈاکٹر حلیم اللہ خان، نائبین صدور مولانا نورالدین احمد قاسمی، مولانا محمد اکرم جامعی، سکریٹری مولانا انصار احمد جامعی، صادق امین اور مولانا شان محمد جامعی موجود تھے۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

Post Top Ad