تازہ ترین

اتوار، 27 اگست، 2023

مظفر نگر ۔ اس طرح بھی سوچیےمضامین

مظفر نگر ۔ اس طرح بھی سوچیے

صبح صبح کچھ بھدے اور بھونڈے کمنٹس پر نظر پڑی تو جی میں آیا کہ کچھ سطریں قلمبند کروں ، مظفر نگر واقعہ پر اب تک جو کچھ دیکھنے اور پڑھنے کو ملا اس سے اتنی بات پھر واضح ہو گئی بلکہ پہلے بھی کئی واقعات کے پس منظر میں واضح ہو چکی ہے۔

 کہ ہم کسی ویڈیو کو دیکھ کر اس سے متعلق سوالات پر غور کیے بغیر فوری طور پر جذبات سے مغلوب ہو جاتے ہیں اور اپنے اپنے معہود ذہنی کے مطابق ایک بیانیہ تشکیل دینے کی کوشش کرتے ہیں۔ حالانکہ کسی بھی واقعہ کی تہہ تک پہنچنا، اسباب و پس منظر پر غور کرنا، امکانات اور پائیدار حل کے بارے میں سوچنا ، اس سے جڑے تمام پہلوؤں پر غور کرنا، خود سوالات اٹھانا اور جواب تلاش کرنا بنیادی اور ضروری امر ہے ۔

، ایسے کسی بھی واقعہ پر طیش میں آنا اور جذبات امڈنا فطری ہے لیکن فوری طور پر کوئی رائے قائم کرنا اور صرف ہو ہلڑ ، ہنگامہ محض وقتی اور ذہنی تسکین کا عمل ہے ، ہر ایک کا مخالف رائے رکھنے والے کو طعنہ دینا ، 


بھپتی کسنا ، اور اس طرح چڑھ دوڑنا کہ بس درد تو ہم ہی نے پال رکھا ہے، آپ کا درد اور اسکا اظہار محض دکھاوے اور تصنع کا ڈھونگ ہے ۔ یہ معقول ، مثبت اور صحت مند اور کارآمد رویہ نہیں، آرا مختلف ہو سکتی ہیں، زاویہ نظر میں اختلاف ممکن ہے ، ایسے میں بے بنیاد آراء سے چشم پوشی برتنا چاہیے اور جو آراء لائق اختلاف ہوں ان سے معقولیت کے ساتھ اختلاف کا اظہار ہونا چاہیے ۔


 اصل بات یہی ہے کہ معاملہ کی تہہ تک پہنچا جائے ، دیرپا، واقعی اور مثبت اور پرامن حل تلاش کیا جائے ، تمام مشکلات کا سامنا ہے مگر یہیں رہنا ہماری مجبوری ہے ، تو پھر کیسے رہا جائے اس پہلو پر غور اور منصوبہ بندی ضروری ہے ، اور ضرورت کے حصول کے لیے ایسے واقعات کی تہہ تک پہنچنا اور ان پر مناسب رد عمل دینا لازمی ہے ،

 اب اسی واقعہ کو لیجیے ویڈیو کو لے کر خوب ہنگامے ہوئے ، گودی میڈیا پر بھی بعض ہندوؤں نے خوب کھل کر بچے کے حق اور واقعہ کی مذمت میں گفتگو کی ، لیکن اب تک جہاں بہت سے سوال معمہ ہیں وہیں یہ سوال سب سے بڑا معمہ ہے کہ آخر موقع پر بچے کا چچا ویڈیو کیوں بنا رہا تھا اور تائیدی کلمات زبان سے کیوں ادا کر رہا تھا ؟ اگر وہ چچا ندیم نہ تھا تو اس نے اس الزام کی تردید کیوں نہیں کی ؟ اور اگر وہی تھا تو پھر ماجرا کیا ہے؟


 گھر پر چلنے والا فرسٹ سے پانچویں تک سکول ہے اس لیے وہاں کوئی بڑا اسٹاف بھی نہ ہو گا ، اگر مان لیا جائے کہ وہ ٹیچر معذور ہے تو ایک معذور چند چھوٹے بچوں سے یہ حرکت کراتی رہی اور چچا اس طرح ویڈیو بناتا رہا۔ جتنے حصے کی ویڈیو سامنے آئی ہے اس سے تو ٹیچر مجرمانہ عمل اور ذہنیت کو فروغ دیتے ملی ہے، لیکن یہ بھی سچ ہے کہ ویڈیو مکمل نہیں ہے تو کیوں نہیں ہے ؟ 


باپ کا بیان اور جاکر ملاقات کرنے والوں کے بیانات اور سوشل میڈیا کے نیریٹو میں بھی بڑا فرق سامنے آیا ہے ۔ ایسے میں یہ ضروری ہو جاتا ہے کہ تمام تر نازک حالات کے باوجود ہم کو واقعات کے پس منظر میں محتاط رد عمل کا اظہار کرنا چاہیے ، ذہنی تناؤ، منفی ذہنیت ، ماتمی مزاج ، لاچاری کی نفسیات اور ناکامی و شکست کے احساس کو فروغ دینا بھی کوئی کارنامہ نہیں۔


 ہمارا مقابلہ ایک مضبوط تخریبی نظریہ سے ہے جسکو اسکی خوش قسمتی سیاسی اقتدار بھی حاصل ہے، تو اس سے مقابلہ کے لیے کم از کم احساس شکست، بے بسی کی نفسیات سے بچنا اور قوم کو بچانا، شطارت کے ساتھ مواقع کو کیش کرنا اور مضبوط و پائیدار حل تلاشنا اصل ذمہ داری ہے۔

ط۔ ایوبی

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

Post Top Ad