تازہ ترین

اتوار، 9 جولائی، 2023

غریب کسان کے بیٹے نے کیا جونپور کا نام روشن،نیوکلیئر پاور کارپوریشن میں بنا سائنس داں

غریب کسان کے بیٹے نے کیا جونپور کا نام روشن،نیوکلیئر پاور کارپوریشن میں بنا سائنس داں

شاہگنج جونپور۔امتیاز ندوی (یو این اے نیوز 9جولائی 2023)مشرقی اترپردیش میں واقع جونپور ضلع کا شمار ہمیشہ سے ہی علم و ہنر کے اہم مراکز میں ہوتا رہا ہے،یہی وجہ ہے کہ مغلیہ سلطنت میں جونپور کو شیراز ہند کے خطاب سے نوازا گیا تھا،اس علاقہ نے ماضی قریب میں ہی ملک کو ایک سے بڑھ کر ایک عالم،فاضل،طبیب،مؤرخ،سائنس داں سمیت آئی اے ایس اور آئی پی ایس جیسے افسروں کو جنم دیا ہے اور اب اسی فہرست میں ایک اور نام کا اضافہ کرتے ہوئے ضلع کے شبھم اپادھیائے نے تاریخ میں اپنا نام درج کروا لیا ہے۔


شاہگنج تحصیل حلقہ کے موضع اسرولی سے تعلق رکھنے والے انل اپادھیائے پیشہ سے ایک کسان اور صحافی ہیں جن کے صاحبزادے شبھم اپادھیائے کا انتخاب نیو کلیئر پاور کارپوریشن آف انڈیا میں ایک سائنس داں کے طور پر ہوا ہے،خبر ملتے ہی اسرولی گاؤں میں جشن کا ماحول بن گیا،نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران انل اپادھیائے نے بتایا کہ شبھم کی ابتدائی تعلیم ضلع میں حاصل کی ہے جس کے بعد اعلی تعلیم کیلئے نوئیڈا شہر کا رخ کیا جہاں سے بی ٹیک کے بعد ایم ٹیک کیلئے این آئی ٹی جالندھر میں داخل ہوئے،انہوں نے بتایا کہ یہ ہمارے لئے فخر کی بات ہے کہ صاحبزادے  شبھم کا انتخاب ملک کے سب سے بڑے اداروں میں سے ایک نیوکلئیر پاور کارپوریشن میں ہوا ہے۔


واضح رہے کہ شبھم کے والد گاؤں میں زراعت کے پیشے سے منسلک ہیں ایک صاحبزادی پہلے سے ہی استانی کے طور پر اپنی خدمات انجام دے رہی ہے جبکہ بھائی بہن میں دوسرے نمبر پر شبھم نے سائنس داں بن کر ضلع کا نام روشن کیا ہے۔


شبھم کی کامیابی کی خبر ملنے کے ساتھ ہی جہاں ان کے گاؤں میں جشن کا ماحول ہے تو وہیں ہر کوئی انل اپادھیائے کو ان کی بیٹے کی کامیابی کیلئے مبارکباد و نیک خواہشات پیش کرنے کیلئے ان کے گھر پہنچ رہا ہے۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

Post Top Ad