سابق ممبر پارلیمینٹ الیاس اعظمی کے گھر پہنچے سپا مکھیا اکھیلیش یادو،اہل خانہ سے ملاقات کے دوران...
لکھنؤ اترپردیش ۔امتیاز ندوی (یو این اے نیوز 13 جون 2023)گزشتہ دنوں شاہاباد لوک سبھا حلقہ سے سابق ممبر پارلیمنٹ رہے الیاس اعظمی کا طویل علالت کے بعد انتقال ہوگیا تھا جس کے بعد منگل کے روز صوبہ کے سابق وزیراعلی اکھیلیش نے مرحوم ممبر پارلیمنٹ کے گھر پر پہنچ کر اہل خانہ سے ملاقات کی اور تعزیت کا اظہار کیا اس موقعہ پر سماجوادی پارٹی کے قومی سکریٹری راجیندر چودھری و قومی ترجمان عمیق جامعی خاص طور سے موجود رہے۔
اکھیلیش یادو نے ارشد اعظمی و شکیل اعظمی سے اظہار تعزیت کے بعد تقریبا ایک گھنٹہ تک اہل خانہ سے بات چیت کی اپنے تعزیتی بیان میں سابق وزیر اعلی نے کہا کہ مرحوم الیاس اعظمی کے ساتھ میں خود بھی لوک سبھا کی کاروائیوں میں شریک ہوا کرتا تھا جس کی وجہ سے میرا ان سے دلی رشتہ ہمیشہ قائم رہا اہل خانہ سے بات چیت کے دوران انہوں نے کہا کہ الیاس اعظمی صاحب نے مکمل زندگی ایمانداری کے راستہ پر گزاری اور ہمیشہ کمزور طبقہ کی ہر ممکن مدد کا کام کیا آپ سب لوگ مل کر ان کے ادھورے کام و مشن کو آگے بڑھائیں اس کام میں آپ سب لوگ مجھے ہمیشہ اپنے ساتھ ہی پائیں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ۴ جون کو ۸۸ برس کی عمر میں سابق ممبر پارلیمنٹ الیاس اعظمی کا انتقال ہوگیا تھا،آپ ایک لمبے عرصہ تک صوبہ و ملک کی سیاست کا حصہ رہے،آپ نے اپنا سیاسی سفر ۱۹۸۰ میں آل انڈیا مسلم مجلس سے شروع کیا تھا ۱۹۸۷ سے ۱۹۸۹ کے درمیان آپ مسلم مجلس کے قومی صدر بھی رہے بعد میں بی ایس میں شمولیت حاصل کی اور مسلسل دو مرتبہ ممبر پارلیمینٹ منتخب ہوئے سیاست کے ساتھ ساتھ تصنیف میں بھی دلچسپی رکھنے والے الیاس اعظمی نے اردو و ہندی میں تقریبا ایک درجن کتابیں بھی لکھیں۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں