نئی دہلی( پریس ریلیز )اسکول آف یونانی میڈیکل ایجوکیشن اینڈ ریسرچ جامعہ ہمدرد میں زیر تعلیم BUMS کے طلبہ 2022/23 کے لیے پندرہ روزہ تعارفی پروگرام کے تحت مورخہ 22 مارچ بروز بدھ کو ایک حلفیہ تقریب منعقد کی گئی. واضح رہے کہ انڈکشن پروگرام کے سلسلہ کا آغاز مورخہ 3 مارچ کو ہوا تھا جس کی آخری کڑی میں طلبہ و طالبات کو سفید کوٹ دے کر حلف لیا گیا. مذکورہ پروگرام کا افتتاح محمد اویس کی تلاوت کلام پاک سے ہوا. بعد ازاں جامعہ کے شعبہ یونانی کے روح رواں صدر شعبہ محترمہ ڈاکٹر سہیل فاطمہ نے طلبہ کو سفید کوٹ پہنا کر ان سے معاہدہ بقراطیہ کا حلف لیا۔
مہمانان اعزازی میں سے پروفیسر ڈاکٹر بدر الدجی پرنسپل اجمل خان طبیہ کالج اے ایم یو نے اپنے خطاب میں بانی جامعہ حکیم عبد الحميد مرحوم سے اپنے دیرینہ روابط کا تذکرہ کرتے ہوئے طلبہ کو اپنے والدین اساتذہ اور تعلیمی ادارے کی قدر دانی کی نصیحت کی. ان کے علاوہ مہمان خصوصی ڈاکٹر محمد زبیر پرنسپل آیورویدک اینڈ یونانی کالج قرول باغ نے اپنے خطاب کے ذریعے طلبہ و سامعین کو ملک و بیرون ملک میں طب یونانی کی ہمہ جہت سرگرمیوں سے واقف کرایا۔
پروگرام میں بطور مہمان خصوصی شریک ڈاکٹر عاصم علی خان ڈائریکٹر جنرل( CCRUM)طب یونانی کے میدان میں ہورہی پیش رفت اور مختلف ریسرچ پروجیکٹس کا بھرپور تعارف کرایا۔
یونانی کے مستقبل کے حوالے سے انھوں نے اس بات کا بھی عندیہ دیا کہ آنے والا دور یونانی کا ہے. جلسے کے اخیر میں صدر جلسہ عالی جناب پروفیسر افشار عالم صاحب وائس چانسلر جامعہ ہمدرد نے اپنے گراں قدر خیالات کا اظہار کیا. آپ نے کہا کہ :اگر چہ میں یونانی طب کا طالب علم نہیں ہوں تاہم یونانی میرے دل میں بستی ہے. موصوف نے اس ضمن میں جامعہ ہمدرد کی کلیدی خدمات کا بھی ذکر کیا. پروفیسر صاحب نے یہ یقین دہانی بھی کرائی کہ طب یونانی کی مزید ترقی ہمارے منشور کا حصہ ہے۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں