کانپور (سیف الاسلام) شہری جمعیۃعلماء کانپور کے زیر اہتمام و حافظ و قاری عبدالقدوس ہادی کی سرپرستی میں ایک مفت میڈیکل کیمپ کا انعقاد قلی بازار واقع قریشی ہال میں کیا گیا جس میں بڑی تعداد میں علاقے کے مرد و خواتین نے اپنی صحت کی جانچ کروائی اور مفت دوائیں حاصل کیں، اس موقع پر قاضی شہر حافظ و قاری عبدالقدوس ہادی نے کہا کہ اسلام نے کسی بھی بیمار کی عیادت کو خود اللہ تعالی کی عیادت کے مترادف بتایا گیا ہے اللہ تعالی کی ذات اگرچہ ہر بیماری سے پاک ہے اسے کوئی بیماری و تکلیف ہرگز لاحق نہیں ہو سکتی لیکن عیادت کی فضیلت اجاگر کرنے کے لئے اس طرح مثال بیان کی گئی ہے۔
چنانچہ حدیث قدسی میں ہے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا اللہ عزوجل قیامت کے دن فرمائے گا اے ابن آدم میں بیمار ہوا اور تو نے میری عیادت نہیں کی، وہ کہے گا اے پروردگار میں تیری عیادت کیسے کرتا تو تو رب العالمین ہے تو اللہ فرمائے گا کیا تو نہیں جانتا کہ میرا فلاں بندہ بیمار تھا اور تو نے اس کی عیادت نہیں کی،کیا تو نہیں جانتا کہ اگر تو اس کی عیادت کرتا ہے تو مجھے اس کے پاس پاتا، اے ابن آدم میں نے تجھ سے کھانا مانگا لیکن تو نے مجھے کھانا نہیں کھلایا، وہ کہے گا اے پروردگار میں تجھے کیسے کھانا کھلاتا حالانکہ تو تو رب العالمین ہے،تو اللہ فرمائے گا کیا تو نہیں جانتا کہ میرے فلاں بندے نے تجھ سے کھانا مانگا تھا لیکن تو نے اس کو کھانا نہیں کھلایا، کیا تو نہیں جانتا کہ اگر تو اس کو کھانا کھلاتا تو تو مجھے اس کے پاس پاتا۔
اے ابن آدم میں نے تجھ سے پانی مانگا تو نے مجھے پانی نہیں پلایا وہ کہے گا اے پروردگار میں تجھے کیسے پانی پلاتا حالانکہ تو تو رب العالمین ہے اللہ تعالی فرمائے گا میرے فلاں بندے نے تجھ سے پانی مانگا تھا لیکن تو نے اس کو پانی نہیں پلایا اگر تو اسے پانی پلاتا تو تو اسے میرے پاس پاتا، انہوں نے کہا کہ اسلام میں خدمت خلق کی بہت اہمیت ہے اسی کے تحت جمعیۃ علماء نے اس کیمپ کا انعقاد کیا ہے۔ مفت میڈیکل کیمپ کے نگراں ڈاکٹر مبارک علی ڈائریکٹر نعیم حامد اسپتال طلاق محل و معاون نگراں مولانا ابوبکر ہادی نے بتایا کہ آج کے اس کیمپ میں ڈاکٹر غیاث الدین محمد(ماہرسرجن)، ڈاکٹر امتیاز حسین احمد (فزیشین)،ڈاکٹر شریوانس ترویدی (ہڈّی)،ڈاکٹر سمیر خان (جنرل فزیشین)،ڈاکٹر احمد صدیقی (جنرل فزیشین)،ڈاکٹر کیلاش سونی (چائلڈ)،ڈاکٹر سیف انیس (مڈیسین) نے مریضوں کو دیکھا اور مفید مشوروں سے نوازا کیمپ میں بڑی تعداد میں مرد و خواتین آئیں اور مفت دوائیں اور آنکھوں کی جانچ کروائیں۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں