ملک دشمنوں کے غلط ارادے و منصوبے کامیاب ہونے نہیں دیں گے: مفتی اظہار مکرم قاسمی
مدرسہ عربیہ تعلیم القرآن مسجد نور پٹکاپور میں تقریب جشن یوم جمہوریہ کا انعقاد
کانپور (یو این اے نیوز 28جنوری 2023)مدرسہ عربیہ تعلیم القرآن مسجد نور پٹکاپور میں حسب سابق امسال بھی یومِ جمہوریہ کا جشن دھوم دھام سے منایا گیا، مدرسہ کے باہر پرچم کشائی ہوئی، ترنگا ریلی نکالی گئی۔
اس کے بعد بچوں کا شاندار پروگرام منعقد ہوا پروگرام کا آغاز حافظ محمد عدنان کی تلاوت کلام پاک سے ہوا، مدرسہ کے طلبہ نے قومی ترانہ”سارے جہاں سے اچھا ہندوستاں ہمارا“ گاکر ملک سے محبت کا اظہار کیا، مدرسہ کے ناظم و جمعیۃ علماء کانپور کے سیکرٹری مفتی اظہار مکرم قاسمی نے آزادی ہند میں مسلمانوں و علماء کرام کی قربانی کیا رہی اس عنوان پر تفصیلی خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ آزاد ہندوستان کی تاریخ میں دو دنوں کو بڑی اہمیت حاصل ہے،ایک 15 اگست جس میں ہمارا یہ ملک انگریزوں کے چنگل سے آزاد ہوا۔
دوسرا 26 جنوری جس میں ملک جمہوری بنا، یعنی اسی دن اپنے ملک میں اپنے لوگوں کا بنایا ہوا قانون اپنے لوگوں پر نافذ ہوا، 26 جنوری 1950ء کو ہندوستان جمہوری ملک بنا، 26 جنوری کی اہمیت یہ ہے کہ حکومت ہند نے برطانوی ایکٹ جو 1935ء سے نافذ تھا اسے منسوخ کر کے اسی دن دستور ہند کو نافذ کیا اور دستور ہند پر عمل آوری کی یقین دہانی کرائی۔دستور ساز اسمبلی نے دستور ہند کو 26 نومبر 1949ء کو اخذ کیا اور 26 جنوری 1950ء کو تنفیذ کی اجازت دے دی۔ دستورِ ہند کی تنفیذ سے ہندوستان میں جمہوری طرزِ حکومت کا آغاز ہوا، ہم سب مل کر آج اسی کا جشن منارہے ہیں۔
مفتی صاحب نے کہا کہ جو لوگ اس ملک کو فرقہ پرستی اور ہندو راشٹر کی طرف لے جانا چاہتے ہیں ہم چھبیس جنوری کے اس پروگرام سے ان کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ تمہارا یہ خواب کبھی بھی پورا نہیں ہوگا، ہندوستان دنیا کا واحد ملک ہے جو اپنی عظیم ترین جمہوری روایات واقدار سے جانا اور پہچانا جاتا ہے، اگر اس جمہوریت کو کوئی بھی طاقت ختم کرنے کی کوشش کرے گی، تو ہم ایسی طاقتوں کو کبھی بھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے، ہم یہ عہد کرتے ہیں کہ جس طرح ہمارے بزرگوں نے اس ملک کو انگریزوں کی غلامی سے آزاد کرایا، اور ملک میں دستور نافذ کرایا ہم سب ہندوستانی اس ملک کی اور آئین ہند کی ہرطرح سے حفاظت کریں گے، ملک کے دشمنوں کو ان کے غلط ارادے و منصوبے میں کامیاب ہونے نہیں دیں گے۔
اس سے قبل مدرسہ کے بچوں نے اردو و انگریزی میں تقریر کی چھبیس جنوری کے عنوان پر شاندار مکالمے پیش کئے قومی ترانے و نظمیں پڑھیں۔نظامت مدرسہ کے استاد حافظ محمد شہنواز نے انجام دی۔اس موقع پر مسجد کے متولی حاجی محمد اسلم، حافظ محمد ریحان علی، پارشد امیدوار سید انور علی، حافظ نجم الثاقب، حافظ ذیشان علی، حافظ محمد سہیل، مشرف حسین، کامران،ایاز احمد، الیاس بھائی لئیق بھائی وغیرہ کے علاوہ بڑی تعداد میں علاقائی لوگ موجود رہے۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں