تازہ ترین

بدھ، 21 ستمبر، 2022

تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں پاپولر فرنٹ کے ممبران و حامیان کو این آئی اے کے ذریعہ ہراساں کئے جانے کا سلسلہ جاری؛ تنظیم نے کی مذمت

نئی دہلی(یواین اے نیوز20ستمبر2022) پاپولر فرنٹ آف انڈیا کے قومی سکریٹری وی پی ناصرالدین ایلامرم نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے تیلنگانہ اور آندھرا پردیش میں این آئی اے کی چھاپے ماری، مارشل آرٹ ماسٹر کی غیر منصفانہ گرفتاری وہراسانی اور تنظیم کے ممبران و حامیان کو نشانہ بنانے کے سلسلے کی مذمت کی ہے۔
انہوں نے کہا ”قومی تفتیشی ایجنسی کا دعویٰ ہے کہ اس نے 17 ستمبر 2022 کو پاپولر فرنٹ کے ٹھکانوں پر چھاپے ماری کی اور قابل اعتراض مواد ضبط کئے۔ یہ چھاپے ماریاں ان ریاستوں میں تنظیم کے ممبران کو ہراساں کئے جانے کے جاری سلسلے کی کڑی ہیں۔ جولائی میں تیلنگانہ پولیس نے مارشل آرٹ ماسٹر عبدالقادر کو پوچھ تاچھ کے بہانے سے سمن جاری کیا اور بعد میں انہیں اور دو دیگر بے قصوروں کو فرضی مقدمات کے تحت گرفتار کر لیا۔

حالیہ دنوں میں، برے منصوبے کے تحت اور وزارت داخلہ کی ہدایت پر این آئی اے نے اس معاملے کو اپنے ہاتھ میں لے لیا اور اسے ایک دہشت گردانہ مقدمے میں تبدیل کر دیا گیا۔ عبدالقادر پیشے کے اعتبار سے ایک عرصے سے مارشل آرٹ ٹرینر ہیں اور ریاست بھر میں اپنے شاگردوں کو مارشل آرٹ کی ٹریننگ دیتے رہے ہیں۔ انہیں صرف اس لئے نشانہ بنایا گیا کیونکہ وہ ایک مسلمان ہیں۔ تفتیش کو این آئی اے کے حوالے کرنا وزارت داخلہ کا محض ایک سیاسی کھیل ہے تاکہ تیلنگانہ میں آنے والے اسمبلی انتخابات میں اکثریتی طبقے کے ووٹ بینک کو لبھایا جا سکے اور یہ پورا معاملہ فرقہ وارانہ سیاسی تفریق کے ایجنڈے پر ٹکا ہوا ہے۔“

پاپولر فرنٹ کے قومی سکریٹری نے کہا ”این آئی اے آندھرا پردیش اور تیلنگانہ میں تنظیم کے بے قصور ممبران کو نشانہ بنانے کے لئے اس فرضی مقدمے کا استعمال کر رہی ہے۔ ایجنسی فرضی مقدمات تیار کرنے، بے قصوروں کو پھنسانے اور دہشت گردانہ معاملہ بنانے کے اسی طرزِ عمل کو اپنا رہی ہے جیسے اس نے بہار میں اپنے سیاسی آقاؤں کو خوش کرنے کے لئے ایک کوشش کی تھی۔“

وی پی ناصر الدین نے کہا ”اس چھاپے ماری ڈرامہ کے بعد این آئی اے کی پریس رلیز پرانے الزامات کے اعادہ کے سوا کچھ نہیں ہے۔ بہار ہو یا تیلنگانہ حقیقت یہ ہے کہ جرم کا کوئی چھوٹا واقعہ بھی نہیں ہوا جس میں گرفتاری یا ایسی کسی تفتیش کی ضرورت ہو۔ این آئی اے کے بے بنیاد دعووں اور اس معاملے کو سنسنی خیز بنانے کا واحد مقصد دہشت گردی کا ماحول تیار کرنا ہے۔ عوام اس کو سمجھنے لگے ہیں۔“

انہوں  نے کہا ”یہ اقلیتی حقوق کی تحریکات کو دبانے کے لئے اقتدار کا انتہائی بے جا استعمال ہے۔ پاپولر فرنٹ کوئی ایسی تنظیم نہیں ہے جو ان ڈرانے دھمکانے کے طریقوں کے آگے جھک جائے یا اپنے اصولوں سے سمجھوتہ کر لے۔

انصاف کی ہماری آواز جاری رہے گی۔ تنظیم ملک کے عوام کے سامنے حقیقت کو کھول کر بیان کرے گی۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

Post Top Ad