یوگی راج میں غنڈوں کے حوصلے بلند لٹیروں نے بی جے پی ممبر اسمبلی کی ماں کے کان کاٹ کر لوٹ لے گئے کنڈل !
غازی آباد۔اسماعیل عمران ۔(یواین اے نیوز 13ستمبر 2022) اتر پردیش میں یوگی راج میں بدمعاش اور شرپسند کیسے بے خوف ہو گئے ہیں، اس کا اندازہ غازی آباد کے وجے نگر تھانہ علاقے میں پیش آنے والے ایک واقعے سے لگایا جا سکتا ہے۔ یہاں بدمعاشوں نے بلند شہر کے بی جے پی ممبر اسمبلی پردیپ چودھری کی بوڑھی ماں کو نشانہ بنایا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ بی جے پی ممبر اسمبلی کی ماں صبح چہل قدمی کے لیے نکلی ہوئی تھیں۔ اسی دوران موقع پر پہنچے بدمعاشوں نے بندوق کی نوک پر ممبر اسمبلی کی والدہ سے کان کی کنڈل چھین لی۔
بی جے پی ممبر اسمبلی پردیپ چودھری کے بھائی جیت پال چودھری اپنی فیملی کے ساتھ پرتاپ وہار میں رہتے ہیں۔ ان کی ماں بھی ان کے ساتھ رہتی ہے۔ ممبر اسمبلی پردیپ چودھری کے بھائی جیت پال چودھری نے پورے واقعہ کی جانکاری دی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ میری والدہ صبح چہل قدمی کے لیے گھر سے نکلی تھیں۔ میری والدہ جیسے ہی ڈی پی ایس اسکول کے قریب پہنچی تو انکے ساتھ چہل قدمی کرنے والی دوسری بزرگ خواتین آگے نکل گئیں اور وہ پیچھے رہ گئیں۔ اس دوران بائک پر سوار دو بدمعاش موقع پر پہنچ گئے۔ بدمعاشوں نے پہلے انہیں روکا۔ جب تک انکی ماں کچھ سمجھ پا تیں ، تب تک بدمعاشوں نے پستول نکال کر انکی ماں پر تان دیا۔
جیت پال چودھری کے مطابق بدمعاشوں نے ان کی 80 سالہ ماں کے کانوں کی کنڈیاں ایک آلے سے کاٹ دیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس دوران ان کی والدہ کا ایک کان بھی آلہ کی زد میں آگیا جس سے ہلکہ سے کان کٹ گیا اور خون بہہ پڑا بدمعاش گولی مارنے کی دھمکی دیتے ہوئے موقع سے فرار ہوگئے۔ گھر پہنچ کر ان کی والدہ نے واقعہ کی اطلاع دی۔ اہل خانہ نے تھانے پہنچ کر پورے معاملے کی پولیس کو تحریری شکایت دی۔
اس واقعہ پر ایس پی سٹی نپن اگروال کا بیان آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شکایت کی بنیاد پر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ ایس پی نے بتایا کہ لٹیروں کی تلاش جاری ہے۔ جائے وقوعہ کے ارد گرد نصب کیمروں کی اسکیننگ کی جارہی ہے۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں