اسلام اور انجینئرنگ پر مولانا عمرین محفوظ رحمانی نے کیا خطاب
منصورہ انجینئرنگ کالج میں نیشنل انجینئرس ڈے منایا گیا
بے مقصد قوم کا کوئی مستقبل نہیں،کامیاب زندگی گزارنے کیلئے مقصد ضروری : راشد مختار (سیکریٹری, جامعہ محمدیہ)
ہر شعبہ حیات میں انجینئرس اپنی صلاحیتوں اور خدمات کو انجام دے رہے ہیں: پرنسپل ڈاکٹر عقیل احمد شاہ
مالیگاؤں(یواین اے نیوز18ستمبر2022) ملک ہندوستان میں قومی سطح پر ہرسال 15 ستمبر کو نیشنل انجینئرس ڈے ٹیکنیکل کالجوں, یونیورسٹیوں اور اداروں میں منایا جاتا ہے۔امسال جامعہ محمدیہ ایجوکیشن سوسائٹی کے زیر اہتمام جاری مولانا مختار احمد ندوی ٹیکنیکل کیمپس میں بھی نیشنل انجینئرس ڈے 15 ستمبر 2022 بروز جمعرات کو منایا گیا۔
اس موقع پر معروف عالم دین مولانا عمرین محفوظ رحمانی (جنرل سیکریٹری, آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ) کو بطور مہمان و مقرر خصوصی مدعو کیا گیا۔ مولانا موصوف نے اسلام اور انجینئرنگ عنوان پر خطاب کیا۔ انھوں بتایا کہ زمانہ نے بظاہر آج ترقی کی ہے لیکن کئی صدیوں پہلے ہی مسلم سائنسدانوں نے ہر شعبہ انجینئرنگ میں اپنے فن کا مظاہرہ کیا تھا۔نت نئی ایجادات بھی مسلم سائنسدانوں نے کی تھی۔ جیسے اسلامی فن تعمیرات کے نمونے آج بھی موجود ہیں۔اسی طرح سےفن طب, علم فلکیات, علم طبعیات, علم ریاضی اور دیگر علوم و فنون میں مسلمان مہارت رکھتے تھے۔موصوف نے کہا کہ قرآن مجید میں غور فکر کریں. اسمیں سائنس و ٹیکنالوجی کے تمام علوم کے راز اس میں موجود ہیں۔
جامعہ محمدیہ منصورہ کیمپس کے سیکریٹری راشد مختار نے اس تقریب میں موجود شہر مالیگاؤں کی ہائی اسکولوں اور کالجوں کے ہیڈ ماسٹراور پرنسپل حضرات سے خصوصی مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بے مقصد قوم کا کوئی مستقبل نہیں اور زندگی میں کامیاب ہونے کیلئے اس کا مقصد ہونا بہت ضروری ہے۔آج دنیا میں کوئی بھی قوم اگر ترقی کر رہی ہے تو معیاری اعلی تعلیم, سائنس و ٹیکنالوجی کے علوم اور ریسرچ کلچرل کو انھوں نے اپنا نصب العین بنایا ہے۔آج زیادہ تر مسلم طلباء و طالبات اعلی تعلیم اور بہتر روزگار کی جانب پہنچ نہیں پاتے۔کیونکہ وہ پرائمری تعلیم, دسویں اور بارہویں کے بعد ہی اپنی تعلیم منقطع کر لیتے ہیں۔ تعلیمی رجحان کم ہونے کی وجہ سے صرف زندگی گزارنے کیلئے کم عمر میں مزدوری کر نے لگتے ہیں۔ ایسے تمام طلبہ کو صحیح تعلیمی رہنمائی اساتذہ ہی کر سکتے ہیں۔
مولانا مختار احمد ندوی ٹیکنیکل کیمپس کے پرنسپل ڈاکٹر عقیل احمد شاہ نے اس تقریب میں شریک تمام ہیڈ ماسٹر, پرنسپل اور انچارج حضرات کا استقبال کیا. موصوف نے انجینئرنگ کالج کی گزشتہ سالوں کی نمایاں کارکردگی پیش کیا. نیز انجینئرس ڈے کی مناسبت سے موصوف نے کہا کہ آج ہر شعبہ حیات میں انجینئرس اپنی صلاحیتوں اور خدمات کو انجام دے رہے ہیں۔
اس موقع پر ڈین ریسرچ ڈاکٹر نوید حسین نے "رول آف انجینئرس فار نیشن بلڈنگ" پر خطاب کیا. ڈین اکیڈمک ڈاکٹر سلمان بیگ اور پروفیسر شمیم احمد نے "بائیو میڈیکل" میں انجینئرس کی دین پر تبادلہ خیال کیا۔ڈاکٹر فہد اقبال نے "انٹر پرینیر شپ" پر لیکچر دیا۔
اس پروگرام میں مولانا عمرین محفوظ رحمانی کا جناب راشد مختار کے ہاتھوں استقبال کیا گیا. پروگرام کی نظامت ڈاکٹر محمد مصحب اور رسم شکریہ ڈاکٹر محمد اظہر نے ادا کیا۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں