لکھنؤ(یواین اے نیوز 28ستمبر2022)اتر پردیش مدرسہ تعلیمی بورڈ نے مدارس کے
نظام الاوقات میں تبد یلی کر دی ہے۔یہ پہلا موقع ہے کہ مدارس میں بھی کمپنی اور سرکاری دفاتر کی طرح طلبہ کو کم از کم 6 گھنٹہ تعلیم حاصل کرنی ہوگی۔اس کیلئے بورڈ نے دومرحلوں میں تعلیمی نظام کو تقسیم کر کے تمام ملحقہ مدارس کیلئے نیا ٹائم ٹیبل بھی جاری کر دیا ہے۔حالانکہ مدارس سے وابستہ تنظیموں نے اسے ضابطہ کی خلاف وزری قراردیتے ہوئے اس کی مخالفت کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق مدرسہ بورڈ کےرجسٹرار جگ موہن کی جانب سے ریاست بھر کے ملحقہ مدارس کیلئے یکم اکتوبر سے نیا ٹائم ٹیبل جاری کیا گیا ہے جس میں تعلیم کا آغاز صبح 9 بجے سے اختتام سہ پہر 3 بجے کیا گیا ہے۔پہلی نشست کا آغاز صبح 9بجے سے ہوگا۔ 9.20 بجے تک دعا قومی ترانہ پڑھا جائے گا۔اس کے بعد تدریسی کام شروع ہوگا۔دوپہر 12 بجے سے12.30 بجے تک کھانے کا وقفہ (انٹرول ) رہے گا۔
اس کے بعد دو پہر 12.30 سے سہ پہر 3 بجے تک دوسری نشست ہوگی۔اس میں نماز ظہر کیلئے وقت نہیں دیا گیا ہے۔بورڈ کا موقف ہے کہ اساتذہ وطلبہ کو کم از کم 6 گھنٹہ ادارہ میں گزارنا چاہئے۔وہیں مدرسہ سے وابستہ تنظیموں نے اس کی مخالفت کی تنظیموں کا کہنا ہے کہ مدارس کا نظام الاوقات بھی دیگر تعلیمی اداروں کی طرح صبح سے دو پہر تک ایک ہی نشست میں ہونا چاہئے۔مدارس کے تدریسی نظام کو دو نشستوں میں تقسیم کرنا معمول کے خلاف ہے۔تنظیموں کا کہنا ہے کہ صبح سےدو پہر تک مدارس میں تدریسی خدمات انجام دی جاتی ہیں۔
دو پہر میں کھانے کے وقت دیگر تعلیمی اداروں کی طرح مدارس میں بھی تعطیل ہوجاتی ہے۔غیر مقیم طلبہ اپنے گھر جا کر کھانا نوش کرتے ہیں۔مدارس میں قیام پذیر طلبہ کیلئے وہیں کھانے کا نظم رہتا ہے۔اس کے ساتھ ہی ظہر کی نماز ادا کر تے ہیں۔نئے تدریسی نظام میں کھانے کے وقفہ کا نصف گھنٹہ ہی رکھا گیا ہے۔اس میں اگر کھا نا کھا یا جائے گا تو نماز کا وقت نہیں ملے گا اور اگر نماز ادا کی جائے گی تو کھانا کھانے کا وقت نہیں بچے گا۔پھر اس کی ضرورت کیا ہے؟
ابھی ساڑھے سات آٹھ بجے سے آسانی سے تعلیمی اداروں میں تدریسی خدمات انجام دی جارہی ہیں تو پھر مدارس کو ہی نشانہ کیوں بنایا جارہا ہے۔وہیں مدرسہ بورڈ کے چیئر مین ڈاکٹرافتخار احمد جاوید نے بھی مدرسہ بورڈ کے اس فیصلہ کا خیر مقدم کیا ہے۔انھوں نے بورڈ کے رجسٹرار کے ذریعہ جاری سرکلر پرمبارکباد پیش کر تے ہوئے کہا کہ مبارک! اب یکم اکتوبر سے مدارس کے بچے بھی 6 گھنٹے پڑھیں گے۔صبح دعائیں وقومی ترانہ۔اس کے بعد دینی ودنیاوی تعلیم‘‘۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں