قرآن مجید سے اپنا تعلق درست کیجیے
ڈاکٹر محمد رضی الاسلام ندوی۔ اندھیری رات ہو ، جھکّڑ چل رہے ہوں ، راستہ ٹیڑھا میڑھا اور نا ہموار ہو ، جھاڑ جھنکاڑ کی وجہ سے سانپ بچھّو اور دیگر موذی جانوروں اور حشرات الارض کا ہر وقت کھٹکا لگا ہو ، ایسے میں ایک شخص چلا جارہا ہو ، اس کے ہاتھ میں ٹارچ ہو ، لیکن اسے اس نے بجھا رکھا ہو ، اس شخص کی بے وقوفی پر ہم میں سے ہر ایک کو ہنسی آئے گی ۔ وہ ٹارچ جلاکر اپنا راستہ دیکھ سکتا ہے ، راہ کی ناہمواریوں میں گرنے پڑنے سے بچ سکتا ہے ، موذی جانوروں سے اپنی حفاظت کرسکتا ہے ، لیکن اس کی مت ماری گئی ہے کہ وہ ٹارچ جیسی مفید چیز اپنے پاس ہوتے ہوئے اس سے فائدہ نہیں اٹھارہا ہے ، اسے بجھا رکھا ہے اور اندھیرے میں ٹامک ٹوئیاں مار رہا ہے ۔
ایسے بے وقوف شخص پر ہم جتنا چاہیں ہنس لیں ، لیکن حقیقت میں ٹھیک ایسا ہی رویّہ ہم مسلمانوں نے قرآن کے ساتھ اختیار کر رکھا ہے ۔ ہم مصائب و مشکلات کا شکار ہیں ۔ دشمن ہم پر شیر ہیں اور ہمیں نقصان پہنچانے کے لیے طرح طرح کی سازشیں کر رہے ہیں ۔ ہمیں صحیح راہِ عمل سجھائی نہیں دے رہی ہے ۔ ایسی صورت حال میں قرآن کی شکل میں ہمارے پاس ایک روشنی موجود ہے ، جس سے ہم گھٹا ٹوپ تاریکیاں دور کرسکتے ہیں ، اپنی مشکلات و مسائل کا ازالہ کرسکتے ہیں ، اس کی رہ نمائی میں ترقی اور کام یابی کی منزلیں طے کرسکتے ہیں ۔ لیکن ہم نے اسے گل کر رکھا ہے اور اس سے فائدہ نہیں اٹھارہے ہیں ۔
اللہ تعالیٰ نے قرآن کے ’نور‘ ہونے کا بارہا تذکرہ کیا ہے۔ ایک جگہ ارشاد ہے : ” تمھارے پاس اللہ کی طرف سے روشنی آگئی ہے اور ایک ایسی حق نما کتاب جس کے ذریعہ سے اللہ تعالیٰ ان لوگوں کو جو اس یک رضا کے طالب ہیں، سلامتی کے طریقے بتاتا ہے اور اپنے اذن سے ان کو اندھیروں سے نکال کر اجالے کی طرف لاتا ہے اور راہِ راست کی طرف ان کی رہ نمائی کرتا ہے ۔“ (المائدۃ:15-16)
مسلمان قرآن کریم سے اپنی گہری عقیدت کا اظہار کرتے ہیں ، اسے اپنی مقدّس مذہبی کتاب سمجھتے ہیں اور اس کی ادنیٰ سی بھی توہین برداشت نہیں کرتے ۔ اگر کوئی شخص قرآن کے خلاف یاوہ گوئی کرتا ہے ، یا عملاً اس کی توہین کا مرتکب ہوتا ہے تو ان کا جوشِ انتقام دیکھنے کے قابل ہوتا ہے ۔ وہ اس پر بے چین ہوجاتے ہیں ، اس کے خلاف سراپا احتجاج بن جاتے ہیں اور اسے سزا دینے یا دلانے کی ہر ممکن جدّو جہد کرتے ہیں اور اس سلسلہ میں اپنی جانوں کی بھی پروا نہیں کرتے ، لیکن اس کے ساتھ یہ بھی حقیقت ہے کہ ان کا عملی رویّہ قرآن سے بے اعتنائی کا ہوتا ہے ۔
قرآن کا ان کی اپنی ذات سے کیا تعلق ہے؟ وہ ان کی زندگیوں میں کیسی تبدیلی لانا چاہتا ہے؟ وہ کیسا انسان بنانا چاہتا ہے؟ ان سوالات پر وہ مطلق غور نہیں کرتے ۔ ان کے اس تضاد کو ایک جملے میں یوں بیان کیا جاسکتا ہے کہ ”مسلمان قرآن پر مرنا جانتے ہیں، لیکن اس پر جینا نہیں جانتے“۔
امت مسلمہ کی چودہ سو سالہ تاریخ شاہد ہے کہ جب اس نے قرآن کریم کو اپنا ہادی و رہ نما بنایا ، اسے سینے سے لگائے رکھا ، اس سے روشنی حاصل کرتی رہی ، اس کے احکام و فرامین کو اپنی زندگی میں نافذ کیا اور ان پر عمل پیرا رہی اس وقت تک اقوامِ عالم کی امامت و قیادت کی زمام اس کے ہاتھ میں رہی ، کام یابی و کامرانی نے اس کے قدم چومے اور اس کی عظمت و رفعت مسلّم رہی ، لیکن جب اس کا رشتہ کتاب اللہ سے کم زور ہوا ،
اس نے اسے پسِ پشت ڈال دیا اور قرآنی تعلیمات کی جگہ نفسانی خواہشات ، ذاتی مفادات اور رسم و رواج نے لے لی تو اس کی ہوا اکھڑ گئی ، اس کا شیرازہ منتشر ہوگیا ، اس کا رعب و دبدبہ اور سطوت و ہیبت کافور ہوگئی ، دوسری قومیں اس پر شیر ہوگئیں اور اس طرح ٹوٹ پڑیں جس طرح بھوکے کھانے پر ٹوٹ پڑتے ہیں ۔ ذلّت و نکبت اور پس ماندگی و شکست خوردگی اس کا مقدّر بن گئی ۔ امت مسلمہ کے عروج و زوال کی اس تاریخ پر رسول اللہ ﷺ کا یہ فرمان صادق آتا ہے:”اللہ اس کتاب کی وجہ سے کچھ قوموں کو بلندی عطا کرتا ہے اور کچھ قوموں کو پستی میں ڈھکیل دیتا ہے“(مسلم)
مسلمانوں کی یہ حالتِ بد اللہ تعالیٰ کی سنّتِ جاریہ کے عین مطابق ہے ۔ جو امت بھی اس کی کتاب کی قدر نہیں کرتی ، اس کے کلام سے بے اعتنائی برتتی ہے اور اس کے احکام پر عمل نہیں کرتی ، ذلّت اور پستی اس کا مقدّر بن جاتی ہے ۔ وہ اللہ کی کتاب کو چھوڑ دیتی ہے تو اللہ تعالیٰ بھی اسے بے یار و مددگار چھوڑدیتا ہے ۔ یہود اور نصاریٰ کا انجامِ بد اس کی واضح مثال ہے ۔ اللہ تعالیٰ نے ان سے وعدہ کیا تھا کہ اس نے ان کے پاس اپنی جو کتابیں بھیجی ہیں ، اگر انھیں وہ مضبوطی سے تھامے رہے اور ان کی تعلیمات پر عمل کرتے رہے تو اخروی نجات و فلاح کے ساتھ دنیا میں بھی کام یاب و بامراد اور سرخ رو رہیں گے ۔ (المائدۃ:66) لیکن انھوں نے ایسا نہیں کیا ، بلکہ اللہ کی آیات کا انکار کیا ، ان سے روگردانی کی اور ان پر عمل نہیں کیا ۔ اس کے نتیجے میں وہ اللہ کے غضب کا شکار ہوئے اور دنیا میں ذلیل و خوار ہوکر رہ گئے ۔ (البقرۃ:61)
مسلمانوں کی زندگیوں میں قرآن سے دوری ، بے اعتنائی او رغفلت کے متعدد مظاہر پائے جاتے ہیں :
1 - آج ان کی اکثریت کا عملاً قرآن سے اگر کچھ تعلق نظر آتا ہے تو بس یہ کہ وہ اسے اپنے گھروں میں ریشمی جزدانوں میں لپیٹ کر الماریوں میں سجا کر رکھتے ہیں ، مختلف امراض کے علاج کے لیے اس کی آیتوں کے تعویذ بناکر گلے میں باندھتے اور دھوکر پیتے ہیں ، جنّات اور بھوت پریت بھگانے کے لیے اسے پڑھ کر پھونکتے ہیں ۔ تنازعات کی صورت میں اس پر ہاتھ رکھ کر قسم کھاتے ہیں ، دوکانوں اور مکانوں کی برکت کے لیے قرآنی آیات کے طغرے لگاتے ہیں اور ان کے افتتاح کے موقع پر قرآن خوانی کی محفلیں منعقد کرتے ہیں ۔
2 - بہت سے مسلمان ہیں جو قرآن کی تلاوت کا اہتمام کرتے ہیں ، روزانہ اس کا کچھ حصہ پڑھتے ہیں ، ماہ رمضان المبارک میں اس کا خصوصی اہتمام ہوتا ہے جب حفّاظ کرام قرآن سنانے کے لیے کمربستہ ہوجاتے ہیں اور عام مسلمان تراویح میں ، اپنی نفل نمازوں میں اور نمازوں کے علاوہ بھی اپنا زیادہ تر وقت قرآن پڑھنے میں لگاتے ہیں ، لیکن ان کا یہ پڑھنا بے سمجھے بوجھے محض حصولِ ثواب کی نیت سے ہوتا ہے ۔ یہ صحیح ہے کہ تلاوتِ قرآن کا غیر معمولی اجر ہے ،
لیکن کیا صرف یہی اس کے نزول کا مقصد ہے؟ ظاہر ہے کہ نہیں ۔ قرآن اس لیے نازل کیا گیا ہے کہ اس میں جو ہدایات دی گئی ہیں ان پر عمل کیا جائے ، جن کاموں کا حکم دیا گیا ہے انہیں بجالایا جائے ، جن کاموں سے روکا گیا ہے ان سے دور رہا جائے ۔ عام مسلمان ختم پر ختم کیے چلے جاتے ہیں،مگر اس پہلو کی جانب ذرا بھی توجہ نہیں کرتے ۔
3 ۔ بہت سے مسلمان ایسے ہیں جو قرآن کی تلاوت بھی کرتے ہیں ، اس میں غور و تدبر بھی کرتے ہیں ، جانتے بھی ہیں کہ قرآ ن میں کیا احکام بیان کیے گئے ہیں؟ کن چیزوں کو حلال اور کن چیزوں کو حرام قرار دیا گیا ہے؟ کن کاموں کے کرنے کا حکم دیا گیا ہے اور کن کاموں سے روکا گیا ہے؟ مگر ان کے مطابق اپنی زندگیوں کو ڈھالنے کی کوئی تحریک ان میں نہیں ہوتی ۔ ان کا عمل قرآنی تعلیمات کی تردید کرتا ہوا نظر آتا ہے ۔ مثلاًقرآن نے انھیں اتحاد و اتفاق کے ساتھ رہنے اور انتشار و تفرقہ سے بچنے کی تاکید کی تھی ، مگر آج باہمی اختلافات ان کی پہچان ہیں ۔
اس نے انھیں ایک دوسرے کا مذاق اڑانے ، برے القاب سے پکارنے ، بدگمانی رکھنے ، ٹوہ میں لگنے اور غیبت کرنے سے روکا تھا ۔ مگر آج مسلمانوں میں یہ تمام اخلاقی برائیاں در آئی ہیں ۔ اس نے انھیں ایک ماں باپ کی اولاد قرار دیتے ہوئے سماجی مساوات کا درس دیا تھا ، مگر آج غیر قوموں کی طرح ان کا سماج بھی ذات پات کی دلدل میں دھنسا ہوا ہے اور کچھ لوگوں کو اشراف اور کچھ کو اراذل قرار دے دیا گیا ہے ۔ قرآن نے سود کو حرام قرار دیا تھا ، مگر آج ان کی معیشت سودی لعنت کا شکار ہے ۔ اس طرح کے اور بھی کتنے قرآنی احکام ہیں جنھیں مسلمان جانتے بوجھتے پامال کر رہے ہیں ۔
4 ۔ کچھ مسلمان ایسے بھی ہیں جو قرآن کے مطابق اپنی زندگیوں کو ڈھالنے کے بجائے قرآن کو اپنی خواہشات کے مطابق ڈھالنے کی کوشش کرتے ہیں ۔ وہ آیات قرآنی کی دور از کار تاویلیں کرتے ہیں ۔ ان سے ایسے ایسے معانی مستنبط کرتے ہیں جن سے قرآن کا دور کا بھی تعلق نہیں ہوتا ۔ مثلاً قرآن نے ہر طرح کا سود حرام قرار دیا ہے ، مگر وہ کہتے ہیں کہ قرآن نے صرف مہاجنی سود کو حرام کیا ہے ، بینک انٹرسٹ پر اس کا اطلاق نہیں ہوتا ۔
قرآن نے عورتوں کے لیے پردہ کے مخصوص احکام دیے ہیں ، مگر وہ کہتے ہیں کہ قرآن میں پردہ کے احکام عہد نبوی میں صرف ازواج مطہرات کے ساتھ خاص تھے ، عام مسلمان عورتیں ان کی مخاطب نہ اس عہد میں تھیں نہ اب ہیں ۔
مسلمان جب تک اپنے رویّوں میں تبدیلی نہیں لائیں گے ، ان کے حالات نہیں بدل سکتے ۔ اللہ تعالیٰ کا قانون اٹل ہے ۔ اس کی سنت غیر مبدّل ہے ۔ گزشتہ قوموں کی تاریخ اس پر گواہ ہے کہ جس قوم نے اللہ کی کتاب کو مضبوطی سے تھاما ، اسے اپنا دستورِ حیات بنایا وہ بامِ عروج پر پہنچی ، اسے دنیاوی ترقی بھی حاصل ہوئی اور دوسری قوموں نے اس کی قیادت و سیادت تسلیم کی ، لیکن جس قوم نے اللہ کی کتاب کو فراموش کیا ،
اس سے غفلت برتی ، اسے پسِ پشت ڈالا اور اس پر عمل نہیں کیا وہ دنیا میں ذلیل و خوار ہوئی اور پستی کے گڈھے میں جاگری ۔اس سنّتِ الٰہی کا اطلاق مسلمانوں پر بھی ہوتا ہے ۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں