جونپور: بڑے بھائی اور اسکے سالے نے ملکر کیا تھا نوجوان کا قتل ۔
جونپور۔اسماعیل عمران۔(یو این اے نیوز 31اگست 2022) منگل کے روز پولیس نے چھ ماہ قبل سادھن پور گاؤں میں پراسرار طریقے سے چاقو سے وار کر کے ایک نوجوان کے قتل کے معاملے کا انکشاف کیا۔ دو ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول نوجوان کو اس کے بڑے بھائی نے اپنے سالے کے ساتھ مل کر قتل کردیا تھا۔ واقعہ کے پیچھے محبت کا رشتہ بتایا جارہا ہے
پرویش کمار شرما (21) 27 فروری کی شام تقریباً دس بجے رات کا کھانا کھانے کے بعد موبائل پر بات کرتے ہوئے گھر سے تقریباً چار سو میٹر دور تالاب کے پاس گیا تھا۔ اگلے دن اس کی لاش تالاب میں منہ کے بل پڑی ہوئی ملی ۔ اس کے جسم پر چاقو سے وار کیے ہوئے کے کئی نشانات پائے گئے تھے۔ اسی دن مقتول کے بڑے بھائی سشیل شرما نے پولیس اسٹیشن میں نامعلوم قاتلوں کے خلاف مقدمہ درج کرایا تھا۔
پولیس اس پورے معاملے کی تحقیقات میں جٹی ہوئی تھی ۔لیکن کوئی ٹھوس وجہ مل نہیں پارہی تھی۔ سرویلانس کی مدد لینے پر معلوم ہوا کہ معاملہ محبت سے جڑا ہوا تھا۔ اسی بنیاد پر پولیس تفتیش میں مصروف تھی۔
انسپکٹر انچارج انسپکٹر رانا پرتاپ یادو نے بتایا کہ اسی دوران انہیں گاؤں کے کچھ لوگوں سے پرویش شرما کی یک طرفہ محبت کا علم ہوا۔ پولیس نے بھائی سشیل شرما کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی تو معاملہ کھل گیا۔ پولیس کے مطابق، سشیل اور اسکا سالہ وجئے اس پورے واردات کو انجام دینے میں ملوث تھے۔ دونوں کو گرفتار کر کے جیل بھیج دیا گیا ہے
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں