تازہ ترین

بدھ، 31 اگست، 2022

خدمت بھی عبادت ہے _[ پاکستان میں لرزہ خیز تباہی کے پس منظر میں ]

خدمت بھی عبادت ہے _
[ پاکستان میں لرزہ خیز تباہی کے پس منظر میں ]

ڈاکٹر محمد رضی الاسلام ندوی: گزشتہ کچھ دنوں سے پڑوسی ملک پاکستان میں قیامتِ صغریٰ برپا ہے _ رپورٹس بتاتی ہیں کہ ملک کا ایک تہائی حصہ سیلاب کی زد میں ہے _ ہزاروں انسان : مرد ، عورت ، بوڑھے ، جوان ، بچے ، بچیاں ، اس کا شکار ہوئے ہیں _ بہت سے لوگ اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں _ اونچے اونچے مکانات ، کوٹھیاں ، عمارتیں تاش کے پتّوں کی طرح بکھر گئی ہیں _

 سڑکیں بہہ گئی ہیں اور آمد و رفت کے ذرائع منقطع ہوگئے ہیں _ بہت بڑی آبادی کا سب کچھ تباہ و برباد ہوکر رہ گیا ہے _ جو لوگ کل تک خاطر خواہ مال و دولت اور اسبابِ معاش کے مالک تھے اور اطمینان و سکون سے زندگی گزار رہے تھے وہ دانے دانے کو محتاج ہوگئے ہیں _ یہ تباہی اللہ تعالیٰ کی طرف سے عذاب ہے یا آزمائش؟ یہ بحث کرنے کا موقع نہیں ہے _ اس صورتِ حال کو آزمائش سمجھتے ہوئے اپنے اعمال اور رویّوں کا جائزہ لینے ، توبہ و استغفار کرنے اور اللہ کی طرف رجوع کرنے کی زیادہ سے زیادہ کوشش کرنی چاہیے _


        یہ خبریں بہت خوش آئند ہیں کہ اس المیہ سے نپٹنے کے لیے جماعت اسلامی پاکستان کی رفاہی تنظیم الخدمت فاؤنڈیشن میدانِ عمل میں ہے _ اس کے کارکنان اپنی جانوں کی پروا کیے بغیر سیلاب میں پھنسے ہوئے لوگوں کی جان بچانے میں لگے ہوئے ہیں اور انہیں محفوظ مقامات پر پہنچانے کے ساتھ ان کے لیے رہائشی اسباب ، ملبوسات ، سامانِ خورد و نوش اور دیگر ضروری چیزیں فراہم کررہے ہیں _ اس کام میں مرد بھی مصروف ہیں ، 


خواتین بھی اور نوجوان بھی _ یہ بات بھی اطمینان بخش ہے کہ ملک کے شہریوں کے تمام طبقات ، چاہے ان کا تعلق کسی بھی دینی جماعت ، سماجی تنظیم  یا سیاسی گروہ سے ہو ، ان کی خدمات کو سراہ رہے ہیں اور انہیں قدر و تحسین کی نظر سے دیکھ رہے ہیں _ اگرچہ جماعت کے یہ کارکنان انسانوں کی خوش نودی کے بجائے اللہ کی رضا کے طالب ہیں اور صلہ و ستائش سے بے پروا ہوکر یہ خدمت انجام دے رہے ہیں _

          قرآن و حدیث میں انسانوں کی خدمت پر بہت زور دیا گیا ہے _ ان کے کام آنا ، ان کی ضروریات پوری کرنا اور ان کے لیے اسبابِ زندگی فراہم کرنے کا بہت اجر بیان کیا گیا ہے _ کوئی شخص کسی انسان کو ایک پیسہ دیتا ہے ، وہ اُس انسان کے ہاتھ میں پہنچنے سے پہلے اللہ کے ہاتھ میں پہنچتا ہے ، اللہ اسے خوب بڑھاتا ہے اور اس کا بھرپور بدلہ عطا کرتا ہے _ کوئی انسان کسی غریب کی بھوک یا پیاس مٹاتا ہے ، یا اس کے لیے اسبابِ زندگی فراہم کرتا ہے ، یا اس کے علاج معالجہ میں کچھ خرچ کرتا ہے تو گویا اس نے اللہ کی مدد کی _ انسانوں کی خدمت کو عبادتِ الٰہی کے مماثل قرار دیا گیا ہے _


          کتنا عظیم الشان کام ہے جس میں الخدمت کے یہ کارکنان لگے ہوئے ہیں _ ضرورت ہے کہ ان کا بھرپور تعاون کیا جائے _ جن لوگوں کو اللہ تعالیٰ نے مال و دولت سے نوازا ہے اور خوش حالی عطا کی ہے وہ اس میں اللہ کے دوسرے بندوں کا حق جانیں _ نقدی ،  ملبوسات ، اشیائے خورد و نوش اور دیگر چیزیں فراہم کریں _ عام حالات میں صدقہ کی اہمیت ہے ، لیکن جب ہنگامی حالات ہوں اور انسانوں کی بڑی تعداد محتاجی کا شکار ہو تو اس کا اجر کئی گنا ہوجاتا ہے _


            یہ آخرت کمانے کا بہت زرّیں موقع ہے _ اس موقع سے فائدہ اٹھانے سے چوکنا نہیں چاہیے _ اللہ تعالیٰ اس کی توفیق ارزانی فرمائے ، آمین _

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

Post Top Ad