کشی نگر ۔اسماعیل عمران(یو این اے نیوز 4جولائی 2022)روزی روٹی کے لیے دبئی گئے تھانہ حلقہ کے ساکھو پار (بہوراپور) رہائشی نوجوان کے قتل کی اطلاع ملنے سے خاندان میں کہرام مچ گیا ہے, لواحقین نے حکومت سے نوجوان کی لاش لانے کا مطالبہ کیا ہے۔ اہلیہ نے اتوار کے روز وزیر خارجہ اور ایم پی وجے کمار دوبے کو ایک درخواست دے کر مدد کی التجا کی۔
بہورپور کے رہنے والے روشن پٹیل (30) ولد راجندر پٹیل تین ماہ قبل کمانے کے لیے دبئی گیا تھا۔ دبئی کی ایک کمپنی میں بطور مزدور کے کام کرتا تھا ان کی موت کی اطلاع دو دن پہلے بیوی سنیتا دیوی کو دی گئی۔ کمپنی کے ملازمین نے سنیتا کو بتایا کہ شوہر روشن کا قتل کر دیا گیا ہے،انہوں نے بتایا کہ روشن کے ساتھ بنگلہ دیش اور پاکستان کے دو نوجوان کام کرتے تھے۔ کچھ جھگڑا ہوا تو دونوں نے روشن کو ایک ویران جگہ لے گئے۔
وہاں اس کو قتل کر کے لاش کو ریت میں دفن کر دیا۔ روشن کی گمشدگی پر دبئی پولیس نے سی سی ٹی وی کی مدد سے معلومات اکٹھی کیں۔دبئی پولیس نے دونوں ملزمان کو گرفتار کرکے لاش قبضے میں لے لیا ہے روشن دو بھائیوں میں سب سے بڑا تھا۔ ان کے کندھوں پر ایک بیٹے اور بیٹی کے علاوہ بیوی، والدین، چھوٹے بھائی کی ذمہ داری تھی۔
اہل خانہ کا کہنا ہے کہ دبئی کی کمپنی روشن کی لاش بقرعید کے بعد بھیجنے کی بات کر رہی ہے۔ والد راجندر پٹیل نے کہا کہ اگر بیٹے کی لاش گھر پہنچ جاتی ہے تو وہ قانون کے مطابق آخری رسومات ادا کر سکیں گے۔ انہوں نے لاش لانے کا مطالبہ کیا ہے۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں