جونپور ۔(یو این اے نیوز 13جولائی 2022)
ممبئی سے چھپرا جا رہی گوداں ایکسپریس ٹرین میں جونپور ضلع میں داخل ہوتے ہی اگ لگ گئی۔ دھویں کے بادل دیکھ کر لوگ دہشت میں آگئے۔ اس دوران بھگدڑ مچ گئی۔ لوگ چلتی ٹرین سے کودنے لگے۔ چلتی ٹرین سے کودنے والوں میں سے کچھ لوگ زخمی بھی ہوئے ہیں
بتایا جا رہا ہے کہ اس افراتفری میں رادھے شیام اور ان کا 6 سالہ بیٹا زخمی ہو گیا ہے معلومات کے مطابق یہ واقعہ بدھ کی دوپہر 12 بجے برسٹھی اور بھنور ریلوے اسٹیشن کے درمیان بھگوان پور گاؤں کے قریب پیش آیا۔ جنرل بوگی سے دھواں اٹھتا دیکھ کر لوگ گھبرا گئے۔ ابتدائی تحقیقات کے بعد پتہ چلا ہے کہ بائیرنگ جان ہونے کی وجہ سے ٹرین میں آگ لگی۔ ٹیکنیکل ٹیم نے تقریباً دو گھنٹے تک چیکنگ کے بعد ٹرین کو روانہ کیا۔
کافی دیر تک مسافر اسٹیشن پر خوف و ہراس میں مبتلا رہے۔ اوپر سے گرمی کے باعث لوگوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ ٹرین چلنے کے بعد بھی مسافر حیرت زدہ نظر آئے۔ کئی بار ٹرین کی رفتار کم ہوتے دیکھ کر مسافر گھبرا گئے۔ معلومات کے مطابق کسی نے ایس او برسٹھی کو موبائل فون پر گودان ایکسپریس کی بوگی میں آگ لگنے کی اطلاع دی۔
اس کے بعد ٹرین کو مڑیاہوں اسٹیشن پر مزید چیک کرنے کے لیے روک دیا گیا اور پھر ریلوے کی تکنیکی ٹیم نے پوری بوگی کو چیک کیا۔ تقریباً دو گھنٹے تک مکمل چھان بین کے بعد ٹرین کو آگے بھیج دیا گیا۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں