بازار شادی محل شکاری پور میں محکمہ صحت کی جانب سے منعقد کی گئی نشست
کرونا کال میں آشا کاریا کرتا کی خدمات ناقابلِ فراموش ہیں:ڈاکٹر حافظ کرناٹکی۔
مؤرخہ 3 مارچ 2022ء بروز جمعرات بازار شادی محل شکاری پور میں ڈاکٹر حافظ کرناٹکی کی صدارت میں ایک سرکاری جلسہ منعقد کیا گیا جس میں مرکزی حکومت کی جانب سے آشا کاریا کرتا کو ایشما کارڈ ابھیان دیا گیا جس میں دو سو آشا کار کرتا موجود تھے۔
اس جلسہ میں بطورِ مہمانان خصوصی ٹی ہیچ ڈاکٹر چندرپا،آشا منڈیٹر ممتا،تعلق ہیلتھ سینئر آفیسر سریش، صدر آشا کاریا کرتاشری متی ونیتا،صدر لیبر ایسوسیشن جناب عبد الرحیم صاحب،ضلعی نائب صدر لیبر ایسوسیشن شموگہ منی کنٹا، ضلعی خزانچی لیبر ایسوسیشن شموگہ راج شیکھر، سکریٹری تعلق لیبر ایسوسیشن شکاری جناب سجیل احمد صاحب، جوائنٹ سکریٹری جئے کمارا،تعلق خزانچی لیبر ایسوسیشن شکاری پور روی، شرما شٹی، سندر بابو اور یس اے الیکٹریکل جناب عبد الرحمن حاضر تھے۔
اس پروگرام کا افتتاح ڈاکٹر چندرپا نے کیا۔انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم مشکل وقت سے اس وقت پار ہورہے ہیں لیکن اب بھی کہیں کہیں وبا کے اثرات موجود ہیں اس لئے ہمیں اپنی صحت کا خیال رکھنا ضروری ہے۔اس عالمی وبا میں انسانیت کی داد رسی میں ان آشا کاریا کرتاؤں کا بہت بڑا ہاتھ ہے جس کی وجہ سے مرکزی حکومت ان کی خدمت میں ایشما کارڈ ابھیان پیش کررہی ہے۔
سندر بابو نے اس جلسہ کی غرض و غایت پیش کی اور اس کارڈ کی اہمیت کو بتایا کہ ایکسیڈنٹ ہونے پر ایک لاکھ روپئے، وفات پر دو لاکھ روپئے اور کسی بڑے مرض میں مبتلا ہو تو پانچ لاکھ تک کا تعاون مل سکتا ہے اس کے علاوہ بھی اس کارڈ کے فوائد بیان کئے
جناب عبد الرحیم تعلق صدر لیبر ایسوسیشن شکاری پور نے اپنی خدمات کا اجمالی تعارف پیش کیااور حکومت کی طرف سے جو پیکیج تقسیم کیا جارہا ہے اس کی تفصیلات پیش کی اور تمام مہمانوں کا شال پوشی سے اعزاز کیا۔
صدر جلسہ ڈاکٹر حافظ کرناٹکی نے اپنے صدارتی خطاب میں لیبر ایسوسیشن شکاری پور کے صدر جناب عبد الرحیم کا شکریہ ادا کیا اور ان کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ ایسے نوجوان ہمارے سماج کے لئے قابلِ افتخار ہیں جو بلا تفریقِ مذہب و ملت انسانیت کی خیر خوبی کے لئے اپنی بے مثال خدمات انجام دیتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت اس ملک عظیم میں صحت اور تعلیم پر توجہ دینے کی سخت ضرورت ہے۔آشاکاریا کرتا کی خدمات ناقابلِ فراموش ہیں،صبر ان کی زندگی کا شیوہ ہے صبر و تحمل ہی سے یہ اپنے مقصد میں کامیابی حاصل کررہے ہیں،گھر گھر پہنچنا اور گھر گھر کی خبر رکھنا حکومت کو اس کی رپورٹ پہنچانا بہت بڑا کام ہے۔بعض لوگ اپنی نادانی سے ان پر برس جاتے ہیں اس پر صبر کرنا اور خندہ پیشانی سے ان کے سوالات کے جوابات دینا اور انہیں سمجھانا بہت بڑی بات ہے جس کو یہ بحسن و خوبی انجام دے رہے ہیں
۔مرکزی حکومت نے صحت پر کڑی نظر رکھی ہے ریاست کرناٹک نے بھی اس پر خاص توجہ دی ہے۔کرونا کال میں آشا کاریا کرتا کی خدمات ناقابلِ فراموش ہیں آج ان کو اعزازیہ دیا جارہا ہے جو ایک فرحت کن احساس ہے۔اس پروگرام میں آپ نے مجھے مدعو کیا جس کے لئے میں محکمہ صحت کا شکر گزار ہوں۔اس کے بعد شری سریش نے شکریہ ادا کیا اور انہی کلماتِ تشکر سے یہ جلسہ اختتام پذیر ہوا۔ؒ
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں