تازہ ترین

اتوار، 23 مئی، 2021

جامعہ حسینیہ مدنی نگر کشن گنج میں قاری عثمان منصور پوری کی رحلت پر تعزیتی نشست کا انعقاد

 کشن گنج 23/ مئی (نامہ نگار) ازہر ہند دارالعلوم دیوبند کے کارگزار مہتمم، جمعیۃ علماء ہند کے صدر المعروف امیرالہند قاری سید عثمان منصورپوری کی رحلت پر جامعہ حسینیہ مدنی نگر فرینگورہ کشن گنج کی مسجد میں ایک تعزیتی نشست کا انعقاد کیا گیا جس میں مولانا مرحوم کے لیے ایصال ثواب ودعائے مغفرت کا اہتمام کیا گیا۔ نشست میں مفتی جاوید اقبال صدر جمعیۃ علماء بہار، مولانا خالد انور جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء کشن گنج، مولانا غیاث الدین قاسمی صدر جمعیۃ علماء کشن گنج، مولانا ابو سالک ندوی جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء شہر کشن گنج، مولانا دلنواذ انجم سکریٹری جمعیۃ علماء شہر کشن گنج، مولانا ہاشم، مولانا وصی، مولانا عقیل منزر، ماسٹر سفیر اور مولانا ریاض الدین قاسمی موجود رہے۔ مفتی جاوید اقبال نے اپنے تعزیتی خطاب میں قاری عثمان منصورپوری کے اوصاف حمیدہ بیان کیے۔ 



انہوں نے کہا کہ قاری عثمان منصورپوری اصول پسند، منکسرالمزاج، بااخلاق اور ملنسار انسان تھے، وہ حضرت مدنی رحمۃاللہ علیہ کے داماد تھے جن پر مدنی خاندان کو بھی ناز تھا۔ قاری عثمان منصورپوری کی خوبیوں میں ان کی صلاحیت، ان کی قابلیت اور ان کی تربیت امتیازی درجے کی تھی، ان ہی کی باکمال تربیت کا نتیجہ ہے کہ ان کے دو ہونہار فرزند علمی میدان کی نامور شخصیات میں شمار کیے جاتے ہیں یعنی مفتی سلمان منصورپوری اور مفتی عفان منصورپوری، اللہ پاک ان دونوں کو لمبی اور برکت والی عمر عطا فرمائے اور قاری سید عثمان منصورپوری کو جنت الفردوس میں جگہ نصیب فرمائے۔ آمین!۔ اس موقع پر دیگر علمائے کرام نے بھی قاری عثمان منصورپوری سے اپنی عقیدت و الفت کا اظہار کیا اور ان کے لیے تعزیتی کلمات کہے۔ مولانا غیاث الدین قاسمی کی دعا پر نشست اختتام پذیر ہوئی۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

Post Top Ad