تازہ ترین

جمعرات، 11 مارچ، 2021

ادارہ ادب اسلامی ہند، حلقہ دہلی کی ماہانہ شعری نشست کا انعقاد

ادارہ ادب اسلامی ہند، حلقہ دہلی کی ماہانہ شعری نشست کا انعقاد


ادارہ ادب اسلامی ہند، حلقہ دہلی کی ماہانہ شعری نشست کا انعقاد مرکز جماعت اسلامی ہند کے کانفرنس ہال میں کیا گیا۔ کورونا وائرس کی وجہ سے ہوئے ملک گیر لاک ڈاؤن کے بعد یہ ادارہ کی پہلی آف لائن شعری نشست تھی۔ اس نشست کی صدارت انتظار نعیم نے کی، جب کہ مہمان خصوصی کے طور پر پروفیسر کوثر مظہری اور مہمان اعزازی کے طور پر مولانا اسحاق عادل نے نشست کو رونق بخشی۔ ادارہ ادب اسلامی ہند، حلقہ دہلی کی اس نشست میں بزرگ اور نوجوان شعرا کی یکساں شرکت ہوئی اور سب نے اپنے بہترین کلام سے سامعین کو نوازا۔ نمونتاً چند شعر درج کیے جاتے ہیں:

ہمارے واسطے حرف تسلی تم نہ رکھتے تھے

ٹپکتا ہے رگِ جاں سے لہو اب رات بھر دیکھو

انتظار نعیم


اسی مٹی سے تو اشجار کئی نکلے ہیں

لوگ کہتے ہیں کہ بے کار مری مٹی ہے

پروفیسر کوثر مظہری


ایک پاگل ٹیڑھی میڑھی کچھ لکیریں کھینچ کر

مجھ کو عادل زندگی کا فلسفہ سمجھا گیا

مولانا عادل اسحاق


ہے دل میں آگ اور آنکھوں میں پانی

سمندر آنچ پر رکھا ہواہے

ڈاکٹر رحمان مصور


مجنوں تجھے صحرا کی یہ شہرت ہو مبارک

ہم شہر میں رہ کر بھی تماشا نہیں کرتے

ڈاکٹر خالد مبشر


ناراضگی کچھ ایسی بڑھی کائنات سے

میں انتقام لینے لگا اپنی ذات سے

سالم سلیم

ادارہ ادب اسلامی ہند، حلقہ دہلی کی ماہانہ شعری نشست کا انعقاد


اپنے گھر تو ڈرتے ڈرتے پُچ کیا بس ایک بار

اور میرے گھر جو آیا اس نے پُچ پُچ پُچ کیا

انس فیضی


باہر کی اک ٹھیس بھی پیدا کردے کھوٹ

انڈا جیون پائے جب ہو اندر سے چوٹ

انس خان


شاہِ جابر کے زیاں کار غلاموں کا ہجوم

کوئی تبدیلی نہ احساسِ زیاں چاہتا ہے

عرفان وحید


دشمنوں کے وار سے آساں ہے بچ جانا مگر

دوستوں کے وار سے کوئی بچا سکتا نہیں

ضمیر اعظمی


وہ احتیاط سے اس درجہ کام لیتا ہے

سلام کرتا نہیں ہے سلام لیتا ہے

رنگ نگینوی


نئی تہذیب کے ہاتھوں میں انساں

بذات خود کھلونا ہوگیا ہے

عبدالحمید قلب


کسی بھی جنگ میں تم مجھ سے جیت سکتے ہو

میں اپنے آپ سے ہارا ہوا سپاہی ہوں

شہباز رضوی


وہ تو ہروقت ہی در اپنا کھلا رکھتا ہے

اور مائل بہ کرم ہے کوئی منگتا ہی نہیں

امتیاز رومی


مری آنکھوں میں ہے سگریٹ روشن

نظر آتا ہے جو کچھ وہ دھواں ہے

جمیل سرور


دن کو مجھ سے ہے طلب رات کے سناٹے کی

رات آتی ہے مرے پاس تو چلاتی ہے

سفیر صدیقی



نشست کا آغاز جامعہ ملیہ اسلامیہ کے ہونہار طالب علم عبد الرحمان کی تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ نظامت کے فرائض ادارہ ادب اسلامی، حلقہ دہلی کے جنرل سکریٹری عرفان وحید نے انجام دیے اور ادارہ ادب اسلامی ہند، حلقہ دہلی کے صدر ڈاکٹر خالد مبشر نے تمام شرکا کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر وقار انور، عبد المنان، رحمت النسا، ڈاکٹر محمد اجمل، منظر امام، منزہ شاہ، عائشہ صدیقہ اور شعیب عزیز وغیرہ کے علاوہ درجنوں سامعین موجود تھے۔


کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

Post Top Ad