تازہ ترین

اتوار، 14 مارچ، 2021

یو اے پی اے کے تحت گرفتاریوں میں خطرناک اضافہ- ملک کو آمریت کی طرف بڑھنے سے روکیں

پریس ریلیز 

نئی دہلی
13 مارچ 2021

یو اے پی اے کے تحت گرفتاریوں میں خطرناک اضافہ-  ملک کو آمریت کی طرف بڑھنے سے روکیں

لوک سبھا میں وزارت داخلہ کا یہ خلاصہ انتہائی حیران کن اور شدید تشویش کا باعث ہے کہ 2015 کے مقابلے سال 2019 میں غیرقانونی سرگرمیاں (روک تھام) قانون (یو اے پی اے) کے تحت گرفتار شدگان کی تعداد میں 72 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔2019 وہ سال تھا جس میں مرکز کی ہندوتوا حکومت نے آناً فاناً میں کئی عوام مخالف بل پاس کئے تھے۔

آر ایس ایس کے زہریلے نظریے کے مطابق چلنے والی حکمراں جماعت کے خلاف عمومی غصے کی ایک لہر اور عوام کے درمیان ایک نیا سیاسی شعور دیکھنے کو مل رہا ہے۔ لوگ سڑکوں پر اتر کر احتجاج کر رہے ہیں اور ظاہر ہے کہ اس فطری مخالفت کو دبانے کے لئے سال 2019 میں یواے پی اے کے دائرے کو بڑھایا گیا ہے۔

یو اے پی اے کے استعمال میں اس تشویشناک اضافے جس کے نتیجے میں 2019 میں 1226 مقدمات کے تحت 1948 گرفتاریاں عمل میں آئی ہیں، اس سے یہ سمجھا جا سکتا ہے کہ اس حکومت کے لئے مخالفت کس قدر ناقابل برداشت ہے۔

شہری سماج اور بڑی اپوزیشن پارٹیوں کی آپسی نااتفاقیوں اور لاپرواہی کی وجہ سے ایسے غیریقینی حالات بنے ہیں جس میں ملک جمہوریت اور سیکولرزم جیسے اپنے تمام بنیادی و آئینی اصولوں سے دور ہوتا نظر آ رہا ہے۔ یہ رجحان تبھی سے زور پکڑنے لگا تھا جب سے نریندر مودی نے 2014 میں اقتدار سنبھالا تھا۔ حال ہی میں ہم نے دیکھا ہے کہ امریکہ میں قائم عالمی جمہوری ادارے ’فریڈم ہاؤس‘ نے بھارت کے درجے کو گھٹاتے ہوئے اسے ایک ’آزاد‘ ملک سے’جزوی آزاد ملک‘ قرار دیا ہے، وہیں سویڈش وی-ڈیم انسٹی ٹیوٹ نے کہا تھا کہ بھارت اب ’انتخابی جمہوریت‘ نہیں رہا بلکہ ’انتخابی آمریت‘ میں تبدیل ہو چکا ہے۔

وزارت داخلہ کی مذکورہ تفصیلات کو دیکھ کر اب ہندوستانی شہریوں کو اپنی نیند سے بیدار ہو جانا چاہئے، ورنہ یہ رجحانات ہماری جمہوریت کے لئے موت کا پروانہ ثابت ہو سکتے ہیں۔ ایک بار آمریت نے اپنے پیر جما لئے، تو آمر حکمرانوں کو ہٹانا مشکل ہو جائے گا۔ پاپولر فرنٹ تمام ہندوستانی شہریوں سے اپیل کرتی ہے کہ وہ یو اے پی اے جیسے ظالمانہ قوانین کی مخالفت کریں اور اس کی روک تھام کے لئے قدم اٹھائیں، جو کہ عوامی حقوق کی ذرا بھی پرواہ نہ کرنے والی حکومت کے ہاتھوں میں ظلم کا ایک ہتھیار بن چکا ہے۔

انیس احمد
جنرل سکریٹری،
پاپولر فرنٹ آف انڈیا، نئی دہلی

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

Post Top Ad