تازہ ترین

اتوار، 24 مئی، 2020

مدارس کے طلبہ کو لینے آئی ٹرین دیوبند اسٹیشن سے 24گھنٹہ کے بعد خالی واپس لوٹی

دیوبند، 24؍ مئی (رضوان سلمانی) شہر کے مختلف مدارس کے سیکڑوں طلبہ کو واپس گھر لے جانے کی غرض سے ایک اسپیشل ٹرین دیوبند پہنچی اور 24گھنٹہ رُکنے کے بعد بغیر کسی طالب علم کو لئے واپس لوٹ گئی، لہٰذا اب دیوبند میں مقیم طلبہ بذریعہ بس ہی اپنے گھروں کو واپس جائیں گے۔ تفصیل کے مطابق عید الفطر کے تہوار کے مد نظر جمعیۃ علماء ہند نے مختلف مدارس کے ذمہ داران کی اپیل پر وزارت ریل سے طلبہ کو ان کے گھروں کو واپس بھیجنے کے لئے ایک ٹرین مہیا کرانے کی درخواست کی تھی، جس کے بعد طلبہ کو لینے کے لئے ٹرین تو آئی لیکن تب تک کافی تعداد میں طلبہ بسوں کے ذریعہ اپنے گھروں کو واپس جاچکے تھے۔

لاک ڈائون سے قبل دیوبند کے مختلف دینی مدارس میں چارہزار سے زیادہ طلبہ اپنے گھروں کو جانے کا انتظار کررہے تھے، گزشتہ دو ماہ کے دوران جب لاک ڈائون اپنے چوتھے مرحلہ میں پہنچ گیا تو مدارس کے ذمہ داران نے انتظامیہ سے بات کی اور کافی تعداد میں طلبہ کو بسوں اور ٹرین کے ذریعہ سے ان کے گھروں کو واپس بھیج دیا، لیکن اس کے باوجود جو طلبہ اپنے گھروں کو ابھی تک واپس نہیں جاپائے تھے ان کے سفر کے لئے جمعیۃ علماء ہند نے کوششیں شروع کیں تو دیوبند ٹرین آتے آتے عید الفطر بھی آگئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس وقت بھی دیوبند کے مختلف مدارس میں 1ہزار سے زائد طلبہ موجود ہیں۔جنہیں سہارنپور سے ٹرینوں اور بسوں کے ذریعہ سے بھیجنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔جمعرات کی شب میں آنے والی ٹرین میں 1600سے زیادہ سٹیں تھیں، جس کے لئے جمعیۃ کی جانب سے ایس ڈی ایم کو ایم فہرست دی گئی تھی لیکن مختلف وجوہات کی وجہ سے ٹرین دیوبند اسٹیشن سے طلبہ کو لئے بغیر واپس چلی گئی۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

Post Top Ad