پھلواری شریف (یواین اے نیوز24مئی2020)امارت شرعیہ کے قائم مقام ناظم مولانا محمد شبلی القاسمی صاحب نے پریس کے لئے جاری بیان میں عید کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے مسلمانوں پر خاص طور سے بڑا احسان فرمایا کہ رمضان المبارک جیسا مقدس اور بابرکت مہینہ عطا فرمایا اور پھر اس میں عبادت کی توفیق بھی عطا فرمائی ، روزے رکھنے ، تراویح کی نماز ادا کرنے ، ذکر و اذکار ، تلاوت و تسبیحات ، دعا اور صدقات و خیرات جیسی عبادتوں کا موقع ملا ،الحمد للہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے دوسرے سالوں کے مقابلہ یکسوئی کے ساتھ عبادت نصیب ہوئی ، رمضان المبارک کے قدرداں لوگ معاصی اور گناہوں سے محفوظ رہے اور اپنے تمام اعضاء کو منکرات اور اللہ کی نافرمانی کے کاموں سے روکا ، نفس کو حیوانی صفات کی اندھیریوں سے نکال کر ملکوتی نورانیت سے منور کیا ، قلب و روح کو پاکیزہ اور مجلی کیا ،کوئی شخص گناہوں کے اندھیرے سے نکل کر طاعت و فرمانبرداری اور مکمل ایمان کی روشنی میں آجائے اس سے بڑی خوشی کیا ہوگی، اللہ تعالیٰ کی ان عنایتوں کے ملنے کی خوشی میں دو رکعت نماز بطور شکر ادا کرتے ہیں جسکی ادائیگی واجب ہے
عیدسعید کے اس پر مسرت موقع پر ہم دل کی عمیق گہرائیوں سے تمام لوگوں کوامارت شرعیہ کی جانب سے مبارکباد پیش کرتے ہیں اور دعا کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ حقیقی اور ہمیشہ رہنے والی خوشیاں سب لوگوں کو عطا فرمائے اور ہر طرح کے شرور و فتن ، غم و حزن اور آفات و بلیات سے حفاظت فرمائے اور کورونا وائرس کی آفت سے پوری دنیا اور بھارت دیش کو بچائے، یہ بھی دعا کرتے ہیں کہ رمضان المبارک میں جس طرح عبادتوں کا اہتمام رہا دوسرے ایام میں بھی ہم اس طرح اپنے خالق و مالک کی عبادت کرتے رہیں اور نئی ایمانی توانائی کے ساتھ آگے بڑھیں ، اسی کے ساتھ یہ بھی گذارش کرتے ہیں کہ لاک ڈاؤن کی پابندی کا پوراخیال رہے اور کوئی ایسا کام نہ کریں جو سرکاری ہدایات ، ڈاکٹروں اور حضرت امیر شریعت مد ظلہ العالی کی دی ہوئی ہدایات کے خلاف ہو۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں