جونپور ۔(یو این اے نیوز 23مئی 2020)اس سال جونپور کی تاریخی شاہی عید گاہ میں عید کی نماز نہیں پڑھی جائے گی یہ اہم فیصلہ عید گاہ کمیٹی نے ملک بھر میں پھیلے کورونا وائرس کو مدنظر رکھتے ہوئے لیا ہے۔کمیٹی کے سکریٹری محمد شعیب خان عرف اچھو نے کہا کہ رمضان کے پہلے ہی سے ملک بھرمیں لاک ڈاؤن نافذ ہے اور کورونا وائرس کا انفیکشن ملک اور بیرون ملک پھیل چکا ہے۔ اسی کے مد نظر رکھتے ہوئے حضر ت مولانا ظفر احمد صاحب امام شاہی عید گاہ جونپور نے یہ اعلان کروایا ہیکہ اس سال عیدگاہ میں عید کی نماز ادا نہیں کی جائے گی اور عید کی نماز کے بدلے کوئی دوسری نماز نہیں ہے لہذا لوگوں کو چاہئے کہ وہ چھوٹی مساجد حتی کہ گھروں میں بھی عید کی نماز ادا نہ کریں اور اس کے بدلے میں دعا کریں۔انھوں نے مزید تمام شہر اور قصبوں و دیہات کے مسلمانوں سے درخواست کہ ہیکہ وہ عید کے دن اپنے گھروں سے نہ نکلیں کیونکہ کسی جگہ پر کسی طرح کی نماز نہیں ہونی ہے۔
عید کے دن تمام لوگ اپنے اپنے گھروں میں رہیں اور لاک ڈاؤن کا پورا خیال رکھیں۔ اور اللہ سے دعا کریں کہ یہ مہاماری ہمارے ملک سے جلد سے جلد ختم ہو تاکہ ہم اپنی ہر نماز کو پہلے کی طرح اپنی مساجد ، وعبادت گاہوں میں ادا کرسکیں۔سابق ایم ایل اے افضال خان کی سرپرستی اور مرزا داور بیگ کی صدارت میں عید گاہ کمیٹی کی میٹنگ عید گاہ کے احاطہ میں ہوئی جس مییں کمیٹی نے تمام علماء کرام و مکتب فکر کے لوگوں کے ساتھ ساتھ حضرت مولانا صوفی ظفر احمد صدیقی صاحب امام شاہی عید گاہ جونپور سے رائے ومشورے کے بعد اس سال عید کی نماز نہ پڑھنے کا اعلان کیا۔اس میٹنگ میں خاص طور سے نیاز طاہر شیخو ، شمیم ، ریاض الحق ، حفیظ شاہ ،ایم آئی ایم ضلع صدر عمران بنٹی ، ہمایوں اختر ببلو ، ابوذر انصاری وغیرہ شریک تھے۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں