پٹنہ(یواین اے نیوز 18 فروری2020)بہار کی پوسٹر جنگ میں کانگریس بھی شامل ہوگئی ہے۔ کانگریس کی جانب سے جاری پوسٹر جنگ میں مرکز کی مودی حکومت پر ریزرویشن ختم کرنے کی نئی سازش کا الزام لگاتے ہوئے کہا گیا کہ جب جب بی جے پی اور نتیش کمار ساتھ رہے ہیں ، ایسی سازشیں ہوتی رہی ہیں۔ ’سازش۔۳‘کے نام سے پٹنہ کے انکم ٹیکس چوراہا کے ساتھ ساتھ کئی جگہ لگائے گئے پوسٹروں کے ذریعہ کانگریس نے بتایا کہ بی جے پی اور نتیش کمار میں کوئی فرق نہیں ہے۔ پوسٹر میں سازش نمبر ایک کے طور پر گودھرا سانحہ کو بتایا گیا ہے۔ کہا گیا ہے کہ اس وقت نتیش کمار این ڈی اےکی حکومت میں ریلوے کے وزیر تھے۔
پوسٹر میں سازش نمبر دو شہریت ترمیمی قانون کو بتاتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اس پر نتیش کمار نے بی جے پی کا ساتھ دیا ہے۔ سازش نمبر تین میں کہا گیا کہ اب بی جے پی آہستہ آہستہ ریزرویشن ختم کرنے کی طرف بڑھ رہی ہے جسے نتیش کمار کا ساتھ مل رہا ہے۔ کانگریس کی طرف سے پوسٹر لگانے والے پارٹی کے سابق ضلع سیکریٹری سدھارتھ چھتریہ نے کہا کہ بی جے پی آرایس ایس سربراہ موہن بھاگوت کی ہدایت پر ملک میں ریزرویشن ختم کرنے کی سازش کر رہی ہے لیکن کانگریس اس سازش کو کامیاب نہیں ہونے دے گی۔
کانگریس کے پوسٹر پر بی جے پی ترجمان اجیت چودھری نے کہا کہ گودھرا سانحہ کے دوران نریندر مودی کی اس وقت کی گجرات حکومت نے پڑوس کے۳؍ کانگریس حکومت والی ریاستوں سے پولیس بھیجنے کی مانگ کی تھی مگر دہلی سے مدد ملی اور نہ ہی دیگرتینوں ریاستوں نے پولیس بھیجی۔ ریزرویشن سے متعلق بی جے پی ترجمان نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے ریزرویشن بر قرار رکھنے کا وعدہ کیا ہے ۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں