تازہ ترین

پیر، 17 فروری، 2020

نربھیا کیس : تین مارچ کو صبح چھ بجے ہوگی پھانسی، کورٹ نے جاری کیا نیا ڈیتھ وارنٹ

نئی دہلی : نربھیا اجتماعی عصمت  دری معاملے میں ملزمین کے خلاف نیا ڈیتھ وارنٹ جاری کرنے کے معاملے میں دہلی کی پٹیالہ ہاؤس کورٹ میں شنوائی ختم ہو گئی ہے اورعدالت نے اپنا فیصلہ سنا دیا ہے۔ اب نربھیا کے ملزمین کو تین مارچ کو صبح چھ بجے پھانسی دی جائے گی۔ واضح رہے کہ نربھیا کے ملزمین کو پھانسی دینے کیلئے عدالت نے تیسری بار وارنٹ جاری کیا ہے۔ دہلی کے پٹیالہ ہاؤس میں شنوائی شروع ہوتے ہی تہاڑ جیل کی جانب سے ابھی تک کی اسٹیس رپورٹ عدالت میں سونپ دی گئی ہے۔ خصوصی سرکاری وکیل راجیو موہن نے موجودہ صورتحال سے عدالت کو آگاہ کرایا اور کہا کہ چار ملزمین میں سے تین نے پہلے ہی اپنے قانونی اختیارات کا استعمال کر لیا ہے۔

ملزم پون گپتا کے وکیل نے عدالت میں بتایا کہ وہ سپریم کورٹ میں کیوریٹیو پٹیشن اور صدر جمہوریہ کے پاس رحم کی درخواست دائر کرنا چاہتا ہے۔اکشے کے وکیل نے بتایا کہ وہ صدر جمہوریہ کے پاس رحم کی نئی درخواست دائر کرنا چاہتا ہے۔ونئے کے وکیل نے بتایا کہ ونئے پر عدالت میں حملہ کیا گیا اور اس کے سر میں چوٹ آئی ہے۔مکیش نے عدالت میں کہا کہ وہ وکیل ورندا گرور کی مدد نہیں لینا چاہتا۔ اس کے بعد عدالت نے روی کاضی کو مکیش کا وکیل مقرر کیا۔عدالت میں بتایاگیا کہ ملزم ونئے شرما بھوک ہڑتا ل پر ہے۔ وہ جیل میں کھانا نہیں کھا رہا ہے۔ اس دوران عدالت نے جیل انتظامیہ کو ونئے کی خصوصی دیکھ بھال کا حکم دیا۔

نربھیا کی وکیل سیما کشواہا نے ملزمین کیخلاف نیا ڈیتھ وارنٹ جاری ہونے پر کہا کہ ملزمین کو جو وقت ملا تھا وہ ختم ہو چکا ہے، مجھے امید ہے کہ تین مارچ ان کے پھانسی کی تاریخ ہوگی۔ایجنسی سے بات چیت میں نربھیا کی ماں نے کہا کہ عدالت میں شنوائی کی کئی تاریخیں گزر چکی ہیں لیکن ابھی تک نیا ڈیتھ وارنٹ جاری نہیں ہوا۔انہوں نے بتایا کہ وہ ہر شنوائی میں نئی امید کے ساتھ جاتی ہیں لیکن مایوسی ہاتھ لگتی ہے۔ ملزمین کے وکیل ہر شنوائی میں نئی حکمت عملی کا استعمال کرتے ہیں۔بشکریہ روزنامہ انقلاب

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

Post Top Ad