چنئی(یواین اے نیوز17فروری2020) تمل ناڈو کانگریس کمیٹی اقلیتی شعبہ کے چیئرمین ڈاکٹر جے اسلم باشاہ نے چنئی وننارپیٹ میں دہلی شاہین باغ کے طرز پر شروع کئے گئے چنئی شاہین باغ میں سی اے اے ، این آر سی ، این پی آر کے خلاف گزشتہ چار دنوں سے چلتے آرہے احتجاج میں شامل ہوکر احتجاجی مظاہرے کی حمایت کرتے ہوئے بالخصوص خاتون مظاہرین کی حوصلے کی ستائش کی۔ڈاکٹر جے اسلم باشاہ نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ تمل ناڈو کی سیاسی و سماجی تنظیموں کی حمایت اور وننار پیٹ علاقے کے ذمہ داروں کے زیر اہتمام چلتے آرہے اس پرامن احتجاجی مظاہرے کو دیکھ کر انہیں بے حد خوشی ہوئی ہے اور اس مظاہرے میں شامل ہونے والے تمام مظاہرین کو کانگریس پارٹی کی طرف سے مبارکباد پیش کیا۔ڈاکٹر اسلم باشاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ملک کی آزادی میں جس طرح انڈین نیشنل کانگریس اور ہندوستانیوں نے برٹش حکومت سے ہمارے ملک کو آزادی دلایا تھا اور انہیں ملک بدر کیا تھا اسی طرح آج بی جے پی حکومت کو اس ملک سے ہٹانے کی ضرورت ہے ۔
اس ملک کی آزادی کیلئے مسلمانوں نے اپنے آبادی کے تناسب سے زیادہ قربانیاں دی تھیں۔آج سی اے اے ، این آر سی اور این پی آر جیسے کالے قوانین کے خلاف پرامن احتجاج کرنے پر مرکزی اور ریاستی حکومتیں پولیس کا استعمال کرکے ان آوازوں کو دبانا چاہتی ہے جو کہ انتہائی قابل مذمت ہے ۔ اس ملک میں رہنے والے 130کروڑ عوام بنیادی سہولیات سے بھی محروم ہیں اور کروڑوں نوجوان بے روزگار ہیں ،مہنگائی آسمان چھورہی ہے ایسے صورتحال میں ملک کے شہریوں کو اپنی شہریت ثابت کرنے کیلئے دستاویزات مانگا جارہا ہے ۔ بی جے پی اس طرح کے کالے قوانین لاکر ملک کے عوام کو مزید مشکلات میں ڈالنا چاہتی ہے ۔ ڈاکٹر جے اسلم باشاہ نے اختتام میں کہا کہ اس ملک میں اپوزیشن جماعتوں کا مضبوط ہونا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ ہمارا ملک سیکولر جمہوری ملک ہے اور دنیا کے بہترین دستور پر چلنے والا ملک ہے اس ملک میں اگر کوئی تاناشاہی حکومت قائم کرنا چاہتا ہے تو ہم ہندوستانی اس کے خواب کو کھبی پورا ہونے نہیں دیں گے۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں