تازہ ترین

منگل، 18 فروری، 2020

پاپولر فرنٹ آف انڈیا کے 13ویں یوم تاسیس کے موقع پر دہلی میں مختلف پروگراموں کا انعقاد

نئی دہلی(یو این اے نیوز 18فروری 2020)ہر سال کی طرح اس سال بھی ملک بھر میں 17 فروری کو پاپولر فرنٹ آف انڈیا کا یوم تاسیس منایا گیا، 2007 میں اسی دن، بنگلور کے شہید ٹیپو سلطان نگر میں منعقدہ 'ایمپاور انڈیا کانفرنس' کے دوران ایک قومی تحریک کے طور پر پاپولر فرنٹ آف انڈیا کا قیام عمل میں آیا۔ آج یہ تنظیم ملک کی بیشتر ریاستوں کے ہزاروں گاؤں اور قصبوں میں اپنی موجودگی درج کرا چکی ہے۔تنظیم ہندوستانی سماج کے ہر طبقے کے لئے آزادی، انصاف اور تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے مسلسل لڑائی لڑتے ہوئے، ہر ہندوستانی کو برابر کے حقوق دلوانے اور حاشیے پر ڈال دی گئی اقوام بالخصوص مسلمانوں کی تقویت کے لئے خود کو وقف کر چکی ہے۔دہلی میں بھی تنظیم کا 13واں یوم تاسیس تزک و احتشام کے ساتھ منایا گیا، اس موقع پر دہلی کے مختلف علاقوں میں پرچم کشائی کی تقریب کے ساتھ مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔ 

طبی کیمپ، بلڈ ڈونیشن کیمپ اور یکجہتی اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں کئی عام و خاص لوگوں نے شرکت کی۔اس موقع پر دہلی کے مشرقی حضرت نظام الدین کے کمیونٹی سنٹر میں شام 7 بجے ایک یکجہتی اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔ اس 'یکجہتی اجلاس' میں دہلی شہر کی معروف شخصیات نے شرکت کی۔ پاپولر فرنٹ آف انڈیا کے قومی سکریٹری عبدالواحد سیٹھ، سپریم کورٹ کے ایڈوکیٹ بھانو پرتاپ سنگھ، سوشل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا کے قومی سکریٹری ڈاکٹر تسلیم رحمانی، امبیڈکر سماج پارٹی کے قومی صدر بھائی تیج سنگھ اور پاپولر فرنٹ آف انڈیا نارتھ زون کے سکریٹری انیس انصاری و دیگر شریک رہے۔

مہمان خصوصی عبدالواحد سیٹھ نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاپولر فرنٹ آف انڈیا ایک سماجی تنظیم ہے، جو ملک بھر میں دلت، مسلم، آدیواسی اور سماج کے پسماندہ طبقات کی تقویت کے لئے کام کر رہی ہے۔ تعلیم، صحت اور آفات میں راحت رسانی وغیرہ ہمارے کام کے اہم میدان ہیں۔ پاپولر فرنٹ ہمیشہ سے شہری حقوق، سماجی انصاف، قومی سلامتی و اتحاد اور ملک کے کمزور طبقات کی تقویت کے لئے کام کرتی آ رہی ہے۔انہوں نے تنظیم کے 13 سال مکمل ہونے پر مبارکباد پیش کی اور سفر کو آگے جاری رکھنے کے لئے سبھی سے حمایت اور تعاون کی اپیل کی۔ دہلی کے صوبائی صدر پرویز احمد نے استقبالیہ کلمات اور محمد الیاس نے کلمات تشکر پیش کئے۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

Post Top Ad