تازہ ترین

ہفتہ، 4 جنوری، 2020

مرکزی دینی تعلیمی بورڈ جمعیۃعلماء ہند کے ذریعہ گرمی کی تعطیل میں اسکول وکالج کے طلباء کے لیے ملک گیر سطح پر سمر کیمپ کے انعقاد کا فیصلہ

قومی مجلس عاملہ میں اس کے علاوہ ہفتہ واری مکاتب کے قیام کا بھی فیصلہ کیا گیا، بورڈ کے صدر مفتی ابوالقاسم نعمانی کی دعاء پر اجلاس اختتام پذیر

نئی دہلی(یواین اے نیوز4جنوری2020)مرکزی دینی تعلیمی بورڈ جمعیۃ علماء ہند کی مجلس عاملہ کا اہم اجلاس حضرت مولانا مفتی ابوالقاسم صاحب نعمانی مہتمم دارالعلوم دیوبند و صدر مرکزی دینی تعلیمی بورڈ جمعیۃ علماء ہند کے زیر صدارت بمقام مدنی ہال ۱۔بہادر شاہ ظفر مارگ نئی دہلی ۲منعقد ہوا۔ سابقہ کارروائی کی خواندگی بورڈ کے ناظم عمومی مفتی  سید محمد سلمان منصورپوری نے کی۔ ایجنڈا کے مختلف پہلوؤں پر غورو خوض کے بعد اجلاس میں جدید تعلیم حاصل کررہے طلباء میں دینی بیداری و شعور پیدا کرنے کے مقصد سے یہ فیصلہ کیا گیا کہ اسکولوں کی تعطیل کے ایام میں دینی تعلیمی بورڈ اور جمعیۃ علماء کی تمام یونٹیں ’سمر کیمپ‘ منعقد کریں،ساتھ ہی یہ بھی طے پایا کہ اسکول وکالج کے طلبہ کے لئے ہفتہ واری مکاتب (سنڈے اسکول)قائم کئے جائیں۔

واضح ہو کہ مرکزی دینی بورڈ جمعیۃ علماء ہند کی قیادت میں ملک گیر سطح پر پندرہ ہزار سے زائد مکاتب چل رہے ہیں، تاہم اسکول و کالج میں تعلیم حاصل کرنے والے طلباء کی ایک بڑی تعداد اس سے استفاد ہ نہیں کرپاتی۔دوسری طرف جدید تعلیم حاصل کررہے طلباء میں دین کے معاملات میں تشکیک میں بھی اضافہ ہوا ہے، ایسے میں بورڈ کا یہ فیصلہ کا فی اہم ہے۔مجلس عاملہ نے ایک دوسرے فیصلے میں ملک گیر سطح پر’دینی تعلیمی بیداری مہم‘چلانے کا اعلان کیا، جو حسب روایت ہرسال کی طرح 15تا 25 رجب المرجب ۱۴۴۱ھ (11/مارچ تا 21/مارچ2020) کو چلائی جائے گی جس میں حسب طلب حضرات اکابر شرکت فرمائیں گے۔اس کے علاوہ مجلس عاملہ نے ملک گیر سطح پر مسلمانوں کی دینی تعلیمی حالات پر سروے کو مزید تندہی اور جامع انداز میں کرنے پر زور دیا۔

یہ سروے تقریبا دوسال سے جاری ہے۔مجلس عاملہ نے اس امر پر تشویش کا اظہار کیا کہ اسکول،کالج اور یونیورسٹیوں کے طلبہ میں دین بیزاری اوردین میں تشکیک میں اض افہ ہورہا ہے جو کہ تشویش ناک ہے، لہذا کالج اور یونیور سٹی کے طلبہ کے درمیان دعوت وتبلیغ کے کام کی نوعیت پر غور کرنے کے مقصد سے شمالی ہند(یوپی) کے لئے ایک کمیٹی بنائی گئی جس میں پروفیسر نعمان شاہ جہاں پور،مفتی سیدمحمد عفان امروہہ،مولانا حبیب الرحمن الہ باداور مفتی جمیل الرحمن پرتابگڈھ شامل ہیں۔مجلس عاملہ میں یہ بھی طے کیا گیا کہ جن صوبوں میں دینی تعلیمی بورڈ کی صوبائی کمیٹی بنی ہے وہ جلد ازجلد ضابطے کی کارروائی کرکے انتخاب کرلیں اور جہاں انتخاب ہو گیا ہے وہاں ضلعی یونٹیں بنائی جائیں اور جہاں اب تک صوبائی سطح پر دینی تعلیمی بورڈ کا قیام نہیں ہوا ہے۔

 وہاں جلداز جلدقائم کیا جائے۔ مجلس عاملہ نے دینی تعلیمی بورڈ کے لئے وقتاً فوقتا مشورہ وجائزہ کے لیے ایک ورکنگ گروپ بھی تشکیل دی۔مجلس عاملہ میں صدر اجلاس کے علاوہ حضرت امیر الہند مولانا قاری سید محمد عثمان منصورپوری صدر جمعیۃ علماء ہند، حضرت مولانا امان اللہ قاسمی نائب صدر جمعیۃ علماء ہند، حضرت مولانا محمود اسعد مدنی جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء ہند، مولانا مفتی محمد سلمان منصورپوری ناظم عمومی مرکزی دینی تعلیمی بورڈ، مولانا مفتی شمس الدین بجلی بنگلور، مفتی احمددیولہ گجرات، مولانا عبدالقادر آسام۔

 پروفیسر نعمان شاہجہاں پور مولانا معزالدین احمد ناظم امارت شرعیہ ہند، مولانا حافظ ندیم صدیقی مہاراشٹرا، مولانا حکیم الدین قاسمی ناظم جمعیۃ علماء ہند، حافظ سید عاصم عبداللہ بنگلور، مولانا رحمت اللہ صاحب کشمیر،مولانا ابوالحسن یعقوب مدراس، مفتی جمیل الرحمن پرتاپ گڑھ، مولانا روشن شاہ اکولہ، حاجی محمد ہارون بھوپال، مولانا حبیب الرحمن مؤ ائمہ الہ آباد، مولانا محمد خالد گیاوی ناظم دینی تعلیمی بورڈ جمعیۃ علماء ہند وغیرہ شریک ہوئے۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

Post Top Ad