تازہ ترین

ہفتہ، 7 دسمبر، 2019

ملت اسلامیہ کی جانب سے قائدین ملت اسلامیہ کے نام کھلا خط!

السلام عليكم ورحمتہ الله وبرکاتہ! اللہ کرے آپ سب بخیر و عافیت ہوں! کوئی لمبا چوڑا بیان نہیں ! ہم پوری ملت کی ترجمانی کرتے ہوئے آپ سب سے بس دست بستہ اتنی گزارش کرتے ہیں کہ خدارا! اس نازک وقت میں فوری طور پر کچھ ملی اقدام کرتے ہوئے شہر یت ترمیمی بل کو روکنے کے لئے کوشش کرلیجئے۔ یہ بل صرف مسلمانوں کے لئے نہیں ملک کی سلامتی ، یہاں کی اکھنڈتا اور دستوری اقدار کے خلاف ہے یہ بل این آرسی کے پورے ملک میں نفاذ اور ہندو راشٹر کے قیام کی پہلی مظبوط کوشش ہے۔ ہو سکتا ہے ہم میں سے کسی کو آپ میں سے کسی سے کسی مسئلے میں جزوی اختلاف ہو لیکن ہم آپ کی قیادت کوتسلیم کرتے ہیں.

 آپ کوملی رہنما مانتے ہیں ملک کے طول و عرض میں آپ سب کے تعلقات میں، حکومتیں، میڈ یا سب آپ کی آواز پر لبیک کہتے ہیں ۔ آپ لوگ اگر اس وقت کھڑے ہو گئے اور ملک کے انصاف پسند لیڈران ( جس میں بہوجن سماج کے بہت سے لیڈران ہیں) کو ساتھ لے کر ہنگامی طور پر صرف ہر صوبے کی راجدھان کو ٹارگٹ کرکے وہاں کی ملکی اور صوبائی تمام پارٹیوں کے دفاتر میں پہنچ کر صاف صاف  گفتگو شروع کر دی تو ایک نیا منظرنامہ سامنے آسکتا ہے۔ ابھی مواقع ہیں، کام ہوسکتا ہے لیکن وقت بہت کم ہے.

ہمارا اللہ کی تقدیر پر ایمان ہے کوشش کے باوجود بھی نتیجہ نہ نکلا تو یہ مشیت الہی ہے اور ہم اس پر راضی رہیں گے لیکن اگر خدانخواستہ کسی کوشش کے بغیر یہ وقت نکل گیا اور کچھ منفی ہوگیا تو پوری ملت کو تکلیف پہنچے گی.ملت کا اعتماد آپ قائد ین پر سے متزلزل ہو جائے گا۔ نہ جانے کتنے قلم اورکتنی زبانیں ہیں جو اب تک نہیں بولیں وہ سب چیخ اٹھیں گے۔اور ہم کسی قیمت پر وہ وقت دیکھنا نہیں چاہتے۔ اس لئے سیاسی لابنگ بھی کیجئےاور پوری قوم کی جانب سے ایک مشترکہ پریس اعلامیہ تمام سیاسی جماعتوں کے نام جاری کیجئے.

 جس سے یہ واضح پیغام ہو کہ اگر مسلمانوں کا ووٹ لینا ہے تو اس بل کی لوک سبھا و راجیہ سبھا میں بھر پور مخالفت کرنی ہوگی. ہم مودبان اور عاجزانہ گزارش کرتے ہیں کہ خدارا! قانونی دائرے میں کچھ کوشش کر ڈالئیے وقت کی نزاکت کو آپ ہم سے بہترسمجھتے ہیں ۔ ہماری آواز میں صدابصحرا ہیں.

الله سن رہا ہے وہ اجر بھی دے گا لیکن آپ اگر بولیں گے تو ملک متوجہ بھی ہوگا اور ملت کا اعتماد بھی آپ سب پر بڑھے گا ملت تو اب یہ طے کر چکی ہے کہ ہمارا مستقبل میں کسی کے ساتھ بھی رشتہ اب تازہ ترین صورت حال میں اس کے کام کو دیکھ کر طے ہوگا یا کسی سے قرب رکھنا ہے اورس سے بعد؟

وما تو مفتی الا باللہ۔ 
اللہ آپ سب کا ہم سب کا حامی و ناصر ہو۔
والسلام مع الاحترام


 منجانب۔رابطہ ابنائے دارالعلوم دیوبند،تنظیم ابنائے مدارس الہند، یونائٹیڈ اگیسینٹ ہیٹ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی، طلبہ یونین ابنائے دارالعلوم ندوۃ علماء لکھنؤ، کاروان امن و انصاف، اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا،مسلم اسٹوڈنٹس فیڈریشن،جسٹس اینڈ ڈیولپمینٹ فرنٹ، کل ہندمجلس تحفظ حقوق و انصاف ، رابط صحافت اسلامی ہند، بصیرت فاؤنڈیشن۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

Post Top Ad