تازہ ترین

منگل، 24 دسمبر، 2019

لڑکی کی ریڑھ کی ہڈی میں دوسال سے پھنسی گولی کو ڈاکٹروں نے نکالا۔پولس کے لیے پراسرار معمہ!

حیدرآباد(یواین اے نیوز24دسمبر2019)سیاست ڈاٹ کام میں ایک خبر کے مطابق فلک نما کی اسماء بیگم کو گولی لگنے کا معاملہ سنگین ہوتا جارہا ہے اور پولیس کے لئے الجھن کا باعث بن گیا ہے ۔ 18 سالہ لڑکی کی سرجری کے دوران نظام انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس (نمس) میں ریڑھ کی ہڈی سے ایک کارتوس برآمد ہوا تھا جسے ڈاکٹر خود حیرت کا شکار ہوگئے تھے ۔ دواخانہ کے جونیئر ڈاکٹرس کی شکایت پر پولیس پنجہ گٹہ نے اقدام قتل اور آرمس ایکٹ کے تحت ایک مقدمہ درج کیا تھا اور مختلف زاویہ سے اس کیس کی تحقیقات کی جارہی تھی ۔ تحقیقاتی عہدیدار اب اس پس و پیش کا شکار ہیں کہ اسماء بیگم کی ریڑھ کی ہڈی میں بندوق کی گولی کیسے پیوست ہوئی۔

 اور اس نے دو سال تک پولیس کو کیوں اطلاع نہیں دی۔ گولی لگنے کا انکشاف دواخانہ میں سرجری کے بعد ہی ہوا ہے ۔ پنجہ گٹہ پولیس کے علاوہ دیگر ایجنسیوں کی جانب سے اس معاملہ کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کی جارہی ہے لیکن متاثرہ لڑکی کا پولیس سے عدم تعاون کے نتیجہ میں تحقیقات میں دشواریاں پیش آنے کی اطلاع ہے۔ پولیس کی جانب سے گولی لگنے سے متعلق مسلسل سوالات کئے جانے پر بھی پولیس کو کوئی بھی اطمینان بخش جواب نہ ملا۔ اب پولیس تکنیکی شواہد کی بنیاد پر اس کیس کا سراغ لگانے کی کوشش کر رہی ہے۔

 اور ایسے ریکارڈس کے تجزیہ کی خواہاں ہے جس کے ذریعہ گولی لگنے کے راز کا پردہ فاش کیا جاسکے۔ تحقیقاتی عہدیدار اسماء بیگم کے دوست احباب کی تفصیلات کے علاوہ ایسی خفیہ اطلاعات بھی حاصل کر رہی ہے جس سے گولی لگنے کے معمہ کا حل نکل سکے۔ اب تک کی تحقیقات میں پولیس اس نتیجہ پر پہنچی ہے کہ اسماء بیگم کے جسم سے برآمد ہونے والی گولی دیسی ساختہ طمنچہ یا بندوق کی نہیں ہے۔ نمس کے ڈاکٹروں نے سرجری سے قبل اسماء بیگم کے جسم پر گولی کا نشان پایا اور کارتوس کو ریڑھ کی ہڈی سے جڑے نسوں سے باہر نکالا گیا۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

Post Top Ad