تازہ ترین

جمعہ، 15 دسمبر، 2017

اودےپورمیں ،گوڈسےوادی، ہندوراشٹرکا ،ٹریلر


اودےپورمیں ،گوڈسےوادی، ہندوراشٹرکا ،ٹریلر
ہندوستان شرمسار،کب بیدار ہوں گےہم؟ 
تحریر۔سمیع اللہ خان
آج ہمارے ملک کے لیے شرمساری کا مقام ہے، آئین و جمہوریت کے دعویداروں کے لیے ڈوب مرنے کا مقام ہے، آج اودے پور میں شنبھو لال ریگر نامی انسان نما درندے کے حق میں ہندوتوا وادیوں نے پرتشدد ریلی نکالی، چالیس سے زائد پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا، شہر میں کھلے عام قدم، قدم پر قانون اور آئین کی دھجیاں اڑاتے ہوئے، اودے پور عدالت پہنچے اور عدالت پر ترنگے کی جگہ، بھگوائی جھنڈا لہرا دیا،اور آپ کو معلوم ہونا چاہیے کہ یہ ننگا ناچ تب ہوا ہے جبکہ شہر میں دفعہ 144 نافذ تھی ۔
اب یقین کرلیجیے یہاں ہندوراشٹر کا کھل کر کھیل ہوگا، یہاں جمہوریت قتل کردی گئی ہے، آج پورا ملک اس کھلی ہوئی ملک مخالف بغاوت کو دیکھ رہا ہے، عدالت تک کو بخشا نہیں گیا ہے، پرتشدد پتھر بازیاں ہورہی تھی، پولیس اہلکار زخمی ہوگئے، لیکن کیا کوئی پیلیٹ گن یہاں سنائی دی؟ 
یعقوب میمن کے جنازے کے شرکاء تو دہشتگرد قرار پائے تھے، اور شنبھو لال نامی اس دہشتگردی کے حمایتی جو دن دہاڑے علی الاعلان نفرت کا یہ ننگا ناچ کررہےہیں، یہ کون ہیں؟ 
یہ ملک کہاں جارہا ہے؟ اس کا مستقبل کس قدر خطرناک اور زہر آلود ہوچکا ہے کیا اب بھی اس کا اندازہ آپ نہیں لگا پارہے ہیں؟ کیا حکومتیں اس شرانگیزی سے لاعلم ہوں گی؟ جو انہوں نے اب تک چپی سادھ رکھی ہے! اس زہریلے کھیل کے شرکاء پر کبھی کارروائی ہوگی؟ کتنی گرفتاریاں ہوئی ہیں اب تک؟ جواہر لال نہرو یونیورسٹی میں ملک مخالف نعرے لگانے کے شک میں اسٹوڈنٹس پر کریک ڈاؤن کیا گیا تھا، یہاں تو دھڑلے سے صرف نعرے بازی ہی نہیں بلکہ، عملی طور پر آئین مخالف، ملک دشمن اعلانات کیے گئے ہیں! کیا اب بھی آپ ڈھکوسلہ بازی اور دلفریب نعرہ بازی کی دنیا سے باہر نہیں آئیں گے؟ 
یہ صرف مسلمانوں کے لیے نہیں، دلتوں، عیسائیوں اور تمام غیر برہمن طبقات کے لیے خطرناک الارم ہے، رونا مت روئیے ابھی بھي وقت ہے، اس غیر آئینی اور ملک دشمن زہر کا تریاق آئینی اور ملک دوست ایکشن پلان مرتب کرکے تیار کیجیے، یہ گوڈسے وادی ذہنیت یکایک پروان نہیں چڑھی ہے، اس میں میرا اور آپکا اور ہر طبقے کی قیادت کی غلط اور غیر دانشمندانہ پالیسی کا سب سے بڑا ہاتھ ہے آج بھی اس غلطی کو تسلیم کرکے ہم آپ سدھار لیں اور بالواسطہ یا بلا واسطہ ان زہریلے عناصر کو طاقت پہنچانا چھوڑ کر اپنی توانائی یکجا کریں، اب اس کا یہی ایک تدارک ہے، 
یاد رکھیں: 
گوڈسے وادی ہندوراشٹر کا ٹریلر آج جاری ہوچکاہے، اور ملک کے تمام آئینی و دستوری اداروں نے اس کا خاموش استقبال کیا ہے ۔
؞ سمیع اللّٰہ خان ؞
جنرل سکریٹری: کاروان امن و انصاف 
ksamikhann@gmail.com

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

Post Top Ad