نوٹ بندی اور جی ایس ٹی کے موضوع پر مسلم یوتھ لیگ کی جانب سے جلسہ عام
مسلمانوں کو خود کو سیاسی طور پر مضبوط کرنے کی سخت ضرورت : مسلم لیگ دہلی یونٹ
نئی دہلی،رپورٹ،ذاکر حسین(یو این اے نیوز10نومبر2017 )نوٹ بندی سے ملک کا صرف نقصان ہوا ہے ، نوٹ بندی کے باعث متعدد افراد کو اپنی نوکریوں سے ہاتھ دھونا پڑا اور تقریباً145افراد کومرکزی حکومت کے اس شاہی فرمان کی وجہ سے اپنی جانوں سے ہاتھ دھونا پڑا۔ وزیر اعظم نریندر مودی گرگٹ ہیں اور موصوٖف ہر وقت اپنا رنگ بدلتے رہتے ہیں۔دنیا کی تاریخ میں کہیں بھی اس طرح کے فیصلے کے مثبت نتائج سامنے نہیں آئے ہیں بلکہ اس طرح کے فیصلے سے عوام کو زبردست پریشانی کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔ان خیالات کا اظہارانڈین یونین مسلم لیگ دہلی کے صوبائی صدر مولانا نثار احمد حسینی نقشبندی نے انڈین یونین مسلم لیگ کی جانب سے نوٹ بندی اور جی ایس ٹی کے موضوع پرگزشتہ روز منعقد ہ ایک جلسہ عام سے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے کہاکہ نوٹ بندی کے باعث ملک کی معشیت تباہ ہو کر رہ گئی ہے ، عوام بے روزگار ہے اور چھوٹے تاجروں کے بزنس تباہ ہو کر رہ گئے ہیں ۔اگر ملک کا جائزہ لیا جائے تونوٹ بندی کے فیصلے کے ایک سال مکمل ہونے پر عوام نے جس طرح مظاہرے میں حصہ لیا ، اس سے صاف پتہ چلتا ہیکہ عوام میں نوٹ بندی کے فیصلے کو لیکر ابھی بھی غصہ ہے ۔مولانا نثار احمد نے مزید کہاکہ مسلمانوں کو خود کو سیاسی طور سے مضبوط کرنے کی ضرورت ہے ، تاکہ ملک میں جب بھی کوئی عوام مخالف کام ہو تو مسلمان اس فیصلے کے خلاف ایک مضبوط چٹان کی طرح ڈٹ جائیں۔مسلم لیگ سینئر لیڈر نے کہاکہ علامہ اقبال اور سر سید احمد خان کو سچی خراجِ عقیدت پیش کرنے کیلئے ملک کے تمام لوگوں کو مسلم لیگ میں شامل ہوجانا چاہئے ۔سابق شیخ الجامعہ اگنو پروفیسر بصیر احمد خان نے کہاکہ نوٹ بندی کے باعث ملک کی معشیت تباہ ہو چکی ہے اور ملک تباہی کی طرف گامزن ہے ۔جلسہ عام سے ایڈوکیٹ اصغر خان نے بھی خطاب کیا ۔ انہوں نے کہاکہ نوٹ بندی عوام مخالف فیصلہ تھا اور اس کے منفی نتائج اب سب کے سامنے ہیں ۔مسلم لیگ کے قومی جوائنٹ سیکریٹری کوثر حیات خان نے اپنے خطاب میں کہاکہ نوٹ بندی کا فیصلہ عوام مخالف فیصلہ تھااور حکومت کے اس فیصلے سے صرف غریب عوام متاثر ہوئے ہیں ۔جلسہ عام کے نظامت کے فرائض مدثر الحق نے انجام دیئے۔جلسہ عام میں دیگرشر کاء میں پروفیسر انیس الرحمن جامعہ ملیہ اسلامیہ ، ویلفیئرپارٹی آف انڈیا دہلی کے صوبائی صدر سراج طالب ،قومی جنرل سیکریٹری مسلم یوتھ لیگ سی کے زبیر،قومی نائب صدر مسلم لیگ ایڈوکیٹ اقبال احمد ، مسلم لیگ کے دہلی نائب صوبائی صدر معین قریشی ،مسلم لیگ دہلی کے جنرل سیکریٹری محمد عمران اعجاز،آصف انصاری ، شیخ فیصل حسن ،اتیب خان ، اعجاز کریم ،ذاکر حسین ، انجم فردوسی دانش احمد ، فیضان قریشی ڈاکٹر گلفام ، عبدالرحمن اور فیضان قریشی کے نام قابلِ ذکر ہیں۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں