جامعہ دار السلام عمر آباد کی جمعیۃ ابنائے قدیم اصلاح نفس کے ساتھ دعوت دین اور خدمت خلق کا میدان ہے:مولانا کاکا سعید احمد عمری
ممبئی(یواین اےنیوز27نومبر2017)اسلامی فقہ اکیڈمی انڈیا کے 27ویں فقہی سمینار(ممبئی) میں جامعہ دار السلام عمر آباد کے معتمد عمومی مولانا کاکا سعید احمد صاحب عمری اور ناظم جامعہ مولانا حافظ حفیظ الرحمٰن اعظمی عمری کی شرکت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ممبئی اور اس کے اطراف کے عمری برادران نے 26نومبر 2017کو انجمن اسلام کی کریمی لائبریری میں ایک تذکیری نشست کا اہتمام کیا،جس میں تقریباً30فارغین جامعہ نے شرکت کی ،تلاوت قرآن پاک کے بعد مولانا محمد عارف اعظمی عمری نے استقبالیہ کلمات پیش کئے اور کہا کہ یہ ہماری زندگی کا قیمتی لمحہ ہے جبکہ ہم اپنے اساتذہ کے سایہ شفقت میں ایک ساتھ اکٹھا ہوئے ہیں ،تمام شرکاء نے اپنا اپنا تعارف کرایا ،اور جامعہ کے استاد مفتی کلیم اللہ عمری مدنی حفظہ اللہ نے تذکیر کا آغاز تصحیح نیت اور تقویٰ الٰہی کی یاد دہانی سے کیا،جامعہ کے شیخ الحدیث ڈاکٹر عبد اللہ جولم عمری مدنی حفظہ اللہ نے فارغین جامعہ کو خصوصاً اور عام مدارس کے فضلاء کو مخاطب کرتے ہوئے دعوت دین کی اہمیت اجاگر کی ۔کلیدی خطاب ناظم جامعہ مولانا حافظ حفیظ الرحمٰن اعظمی عمری مدنی حفظہ اللہ کا ہوا جس میں موصوف نے جامعہ کے مقصد کوذہن نشین کراتے ہوئے شرکاء کوممبئی اوور صوبہ مہاراشٹر میں دین اسلام کی نشر و اشاعت کی تلقین کی اور آخر میں معتمد جامعہ مولانا کاکا سعید احمد عمری حفظہ اللہ نے اپنے صدارتی خطاب میں واضح لفظوں میں کہا کہ جامعہ عمارتوں کا نام نہیں ہے بلکہ یہ اس کے تلامذہ کا نام ہے جو جامعہ کے مینارہ نور سے مستفید ہوکر عالم میں ضیاء پاشی کر رہے ہیں ،موصوف نے تمام حاضرین کو جامعہ دار السلام عمر آباد کے ابنائے قدیم کی ترتیب سمجھاتے ہوئے پانچ باتوں کی تلقین کی ۔1اصلاح نفس۔2اصلاح امت۔3دعوت دین 4خدمت خلق۔5تنظیم ،اور زور دیتے ہوئے کہا کہ ان پانچ امور سے جامعہ دار السلام عمر آباد کے ابنائے قدیم کی تشکیل ہونی چاہئے،بعد ازاں صوبہ مہاراشٹر کی عارضی یونٹ تشکیل دی گئی ،اور اتفاق رائے سے مولانا محمد عارف اعظمی عمری کو صدر اور مولانا سلیم منگلوری عمری کوجنرل سکریٹری منتخب کیا گیا ۔آتذکیری نشست کی نظامت کے فرائض مولانا فاروق اعظم عمری نے انجام دیئے اور مولانا عاطف عمری اور عبد العظیم اثری عمری نے اس کے انتظامات میں خصوصی دلچسپی لی،انجمن اسلام کے صدر ڈاکٹر ظہیر قاضٰ صاحب کا بھی خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا گیا جنہوں نے اس پروگرام کو منعقد کرنے کے لئے موقع فراہم کیا ۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں