تحفظ ختم نبوت کانفرنس میں علماء کی باشندگان شہر سے ہزاروں کی تعداد میں شرکت کی اپیل، تیاریاں عروج پر
کانپور(یواین اےنیوز4نومبر2017)مجلس تحفظ ختم نبوت کانپور کے زیر اہتمام 10؍نومبر 2017بروز جمعہ کو آئی اے ریزارٹ واجدپور جاجمؤ میں منعقد ہونے والی عظیم الشان کانفرنس کی تیاریاں شباب پر ہیں۔ شہر کی مختلف مساجد اور محلوں میں میٹنگیں ہو رہ یہیں ۔ عقیدہ ختم نبوت کو گھر گھر تک پہنچانے کیلئے ائمہ کرام جمعہ کی نماز سے پہلے اسی موضوع پر خطاب کر رہے ہیں ۔ عقیدہ ختم نبوت اسلام کا بنیادی اور اساسی عقیدہ ہے جس کے بغیر کوئی بھی شخص مسلمان نہیں ہو سکتا۔ ہے۔ اس بنیادی عقیدے سے واقفیت اور اس کی حفاظت ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے۔ تاکہ ختم نبوت کے منکر اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہ ہو سکیں۔ موضوع کی اسی اہمیت اور حساسیت کے پیش نظر شہر کے علماء و ائمہ بالخصوص سنی علماء مشائخ بورڈ کے صدر مولانا نو رالدین احمد قاسمی ، مسجد مسافر خانہ پریڈ کے امام وخطیب مولانا محمد اکرم جامعی، مسجد عیدگاہ کالونی کے امام وخطیب مولانامحمد انعام اللہ قاسمی ،مسجد جگن بتی کے امام وخطیب مولانا محمد شفیع مظاہری، مسجد رئیس باغ تلک کے امام وخطیب مولانا محمد انیس خاں قاسمی نے 10نومبر کے تحفظ ختم نبوت کانفرنس میں شرکت کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہم گنہگاروں کے لئے آخری سہارا اللہ کے محبوب پیغمبر حضرت محمد ﷺ کی نسبت اور روز محشر بارگاہ الٰہی میں آپؐ کی شفاعت کی امید ہے۔ دین وایمان کے لٹیرے اس نسبت کو ختم کرکے ہمیں شفاعت نبوی ؐ سے محروم کر نے کی ناپاک کوشش کر رہے ہیں۔ چاہے انکار ختم نبوت کا فتنہ ہو یا انکار حدیث کا یا دور حاضر میں اپنے کو امام مہدی کہنے والا شکیل بن حنیف کا برپا کردہ نیا فتنہ ان سب کا بنیادی مقصد ذات رسالت مآب ﷺ سے نسبت کاٹ کر امت کو فیوض نبویؐ سے محروم کرنا ہے۔ لہٰذا ہر عاشق رسول عاشق صحابہؓ ، عاشق اولیاء اللہؒ کا دینی ایمانی اور مذہبی فریضہ ہے کہ وہ ان فتنوں کی سنگینی کو محسوس کرتے ہوئے اپنی اور اپنے اہل خاندان کے ایمان و عقیدہ کے تحفظ کی فکر کرے۔ علماء سے رابطے میں رہے ، اور 10؍نومبر کی کانفرنس جس میں پورے ملک سے نامور علماء اصحاب نسبت بزرگان دین تشریف لا رہے ہیں اس میں شرکت کرکے اپنی عزت ایمانی اور محبت نبویؐ کا ثبوت دیں۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں