تازہ ترین

ہفتہ، 25 نومبر، 2017

آج اے ڈی ایم ،اے سی ایم، سی اودیگر افسران نے جمعیۃ کے ذمہ داران کے ساتھ روٹ سروے کیا نسبت کا خیال رکھتے ہوئے جلوس کو عظمت ووقاراور آپسی اتحاد کا آئینہ دار بنائیں: مولانا اسامہ قاسمی


تاریخی جلوس محمدیؐ2دسمبر کو پریڈ گراؤنڈ سے اٹھایا جائے گا
آج اے ڈی ایم ،اے سی ایم، سی اودیگر افسران نے جمعیۃ کے ذمہ داران کے ساتھ روٹ سروے کیا
نسبت کا خیال رکھتے ہوئے جلوس کو عظمت ووقاراور آپسی اتحاد کا آئینہ دار بنائیں: مولانا اسامہ قاسمی
کانپو(یواین اےنیوز24نومبر2017)جلوس محمدیؐ جو کانپور ہی نہیں بلکہ ایشیا کا عظیم جلوس ہے کانپور کو یہ فخر حاصل ہے کہ یہ جلوس اپنا ایک سوپانچ سال مکمل کر رہا ہے ۔ جمعیۃ علماء شہر کانپور کی قیادت میں نکلنے والا یہ جلوس ہر سال 12ربیع الاول کو نکالا جاتا ہے۔ جس کی تیاریاں پورے زور وشور سے جاری ہیں یہ جلوس اپنے دامن میں سبھی کو سمیٹے ہوئے ہے لوگ مسلک ومذہب کے اختلاف کے باوجود ایک ساتھ جلوس محمدیؐ نکالتے ہیں ۔یہ قدیمی ومرکزی جلوس امن وشانتی اور یکجہتی اور بھائی چارہ کا پیغام دیتا ہے ۔محسن انسانیت رحمت عالم حضرت محمد مصطفیﷺ کے یوم ولادت باسعادت کے موقع پر جمعےۃ علماء شہر کانپور کی زیر قیادت اٹھایاجانے والا تاریخی وقدیمی جلوس محمدیﷺ پوری ایک صدی سے انسانیت نوازی، آپسی بھائی چارہ، محبت واخوت اور پیام امن کا علمبردار ہے ،جلوس میں بلاتفریق مذہب وملت اور مسلک ومشرب لوگ نہایت عقیدت واحترام کے ساتھ شریک ہوتے چلے آئے ہیں ۔جلوس محمدیؐ کوسرورکائنات ، فخر موجودات، محسن انسانیت، رحمۃ للعالمین ، شفیع المذنبین، خاتم النبیین، حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم سے نسبت ہے۔ اس نسبت کے وقارکو قائم رکھتے ہوئے رسالت مآب کی تعلیمات کو عام کرنا ہم سب کے لئے ضرور ہے ان خیالات کا اظہار جمعیۃ علماء اترپردیش کے صدر مولانا محمد متین الحق اسامہ قاسمی نے کرتے ہوئے بتایا کہ اس سال جلوس محمدیؐ 12ربیع الاول مطابق 2دسمبر بروز سنیچر ایک بجے نماز ظہر ادا کرکے ٹھیک ایک بجے رجبی گراؤنڈ پریڈ سے حسب سابقہ روایات اٹھایا جائے گا۔جمعیۃ علماء اترپردیش کے صدر مولانا محمد متین الحق اسامہ قاسمی نے کہا کہ ہم ذات اقدس کے نام پر یہ جلوس نکالتے ہیں وہ ذات نہایت عظیم المرتبت ہے ان کی رفعتوں وبلندیوں کو کوئی چھو بھی نہیں سکتاوہ اپنے دامن رحمت میں ساری مخلوق وانسانیت کو سمیٹے ہوئے ہیں وہ سراپا رحمت اور انسانیت کی بھلائی کے لئے مبعوث کئے گئے۔ رنگ ونسل ،دولت وثروت کے امتیاز کو مٹا کر سب کو ایک صف میں کھڑا کرنے والے نبی آخرالزماں حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات کو مد نظر رکھتے ہوئے ہمیں جلوس میں شامل ہونا چاہئے کوئی ایسا کام نہیں کرنا چاہئے جو شریعت محمدیؐ کی شان کے خلاف ہو ادب کا لحاظ رکھنا بے حد ضروری ہے ۔ جلوس نکالنے میں کسی طرح کی پریشانی نہ ہو اور پورے امن وشانتی کے ساتھ نکلے اس کے لئے ضلعی افسران سے ملاقات وروٹ کے سروے کیا جارہا ہے ۔ سروے کرکے سڑک ، صفائی ،بجلی کے تار ، پریڈ و پھول باغ میں نماز کی جگہوں و دیگر ضروریات کا جائزہ لیا اور تمام کام مکمل کرنے کی اے ڈی ایم صاحب نے ہدایات دیں۔ اس کے بعد تمام انجمنوں کی میٹنگیں ہوں گی اور نظام چست ودرست رکھنے کے لئے کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی۔ مولانا اسامہ قاسمی نے کہا کہ جلوس محمدیؐ میں نبی آخرالزماں صلی اللہ علیہ وسلم کے ضابطہ اخلاق کی عکاسی ہونی چاہئے جس کا پرتو حضورؐ کے صحابہؓ کے افعال وکردار میں جھلکتا تھا۔صحابہؓ کرام سے زیادہ کوئی حضور سے عشق نہیں کرسکتاوہ ہمارے لئے آئیڈیل ونمونہ ہے اور عشق رسولؐ وحب نبیؐ اس بات کی متقاضی ہے کہ ایسے کوئی کام نہ کریں جو ہمارے حبیب خدا کی شان سے متضاد ہو ایک دوسرے کا خیال رکھیں ، یکجہتی وبھائی چارہ کو فروغ دیں اور مشن رسول وصحابہؐ کو آگے بڑھاتے ہوئے ساری انسانیت کی خدمت کریں اپنے کسی فعل سے دوسروں کو تکلیف نہ پہنچنے دیں۔صوبائی صدر و شہری جمعیۃ کے جنرل سکریٹری مولانا محمد متین الحق اسامہ قاسمی سمیت شہری جمعیۃ کے صدر ڈاکٹر حلیم اللہ خاں ،سکریٹریان حامد علی انصاری،زبیر احمد فاروقی، قاری عبد المعید چودھری،مولانا انیس الرحمان خازن، اراکین سابق کارپوریٹر،محمد اسحاق نیتا، مشیر عالم، محمد انصار خاں،شارق نواب ، صادق امین سمیت جمعیۃ کے متعدد ذمہ داران سروے میں ساتھ رہے۔ 

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

Post Top Ad